عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس

پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کی جبکہ عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان، جنرل سیکرٹری محمد عمر اعوان، عبدالمنان، نواز قادری، مبین ملک، ملک معشوف رضا سمیت پی پی صدور و جنرل سیکرٹریز اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن،PAT یوتھ ونگ لاہور کے پارٹی الیکشن، 2018 ء کے عام انتخابات اور ممبر سازی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ اجلاس میں جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حقائق منظر عام پر لانے اور ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مظہر علوی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ملکی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، اقتدار کے نشے میں چور نااہل کرپٹ حکمرانوں نے بے گناہ شہریوں پر گولیاں برسا کر 14 لوگوں کو شہید اور 100 سے زائد کو شدید زخمی کر دیا، قاتل حکمرانوں نے اقتدار بچانے کیلئے انسانی جانوں کے ساتھ جو وحشیانہ کھیل کھیلا، ریاستی دہشتگردی کی اس سے بدترین مثال کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی روزانہ سماعت کا حکم شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کی طرف اہم قدم ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین انصاف کے منتظر ہیں،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث تمام کرداروں کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسا ظلم نہ کرنے کا تصور بھی نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے خلاف گھیرا تنگ ہو چکا ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف جلد ملے گا۔

مظہر محمود علوی نے کہا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے نوجوان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، یوتھ ونگ کے عہدیدار تمام توجہ ممبر شپ اور عوامی رابطہ مہم پر دیں، یوتھ ونگ لاہور کے پارٹی انتخابات میں مخلص، دیانتدار قیادت کو آگے ہائے، نظریاتی قیادت کو منتخب کریں، عوامی تحریک یوتھ ونگ یونین کونسلز سے لے کر مرکزی سطح تک عہدیداران کا انتخاب کارکنوں کے ذریعے کرتی ہے یہی جمہوریت کا اصل حسن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں رابطہ مہم کے ساتھ ساتھ 2018ء کے الیکشن کی بھرپور تیاری کریں، ووٹ کے ذریعے طاقتوروں سے حق چھیننے کا وقت قریب ہے، کمزوروں کو اٹھنا ہو گا، عوامی تحریک کے نوجوان دکھی انسانیت کا سہارا بنیں گے، بے گناہوں کو شہید کرنے والے سفاک نظام کو بدل کر دم لیں گے، یوتھ ونگ کے نوجوان قاتل حکمرانوں کے کیفر کردار تک پہنچنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ قاتل حکمران جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں۔

تبصرہ