9 نومبر 2010ء یوم اقبال کے موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی وفد نے مزار اقبال پر حاضری دی۔ مزار اقبال پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ وفد کی قیادت مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ چوہدری بابر علی نے کی جبکہ اشتیاق حنیف مغل، عمران بھٹی، چوہدری عتیق الرحمان، وقار احمد قادری، کاشف چشتی، زبیر احسن گیلانی اور سعید بھٹی بھی وفد میں شامل تھے۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری بابر علی نے کہا کہ حکیم الامت صرف انقلابی شاعر اور سیاسی دانشور ہی نہیں تھے بلکہ قوم کے سب سے بڑے فکری رہنما تھے۔ مسلمانان برصغیر کی فکری، عملی اور نظریاتی میدان میں رہنمائی کا جو کردار اقبال نے ادا کیا اس کی نظیر اس دور میں نہیں ملتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقبال نے مسلمانوں کو جہد مسلسل کی تلقین کی ہے۔ اقبال نے نوجوان نسل کو سادہ اور فطری زندگی پر قناعت کا درس دیا۔
شاعر مشرق نے اپنے کلام میں مسلمانوں کو ہرحال میں اپنی خودداری اور غیرت کی حفاظت کرنے کی تلقین کی ہے۔ آج ملک کو بچانے کے لئے نوجوان نسل کو علامہ اقبال کی تعلیمات کی پیروی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین قرار دیا ہے اور عقابی روح بیدار کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کی نصیحت کی ہے۔ عمل پیہم اور سعی مسلسل زندگی اور ترقی کے لئے لازم ہے۔ قوم کی تقدیر اس کے افراد کے ہاتھوں میں ہوتی ہے اس لیے آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر نوجوان کوئی ہنر، علم یا فن سیکھے اور اس فن میں دنیا میں اپنا نام پیدا کرے۔
آج ہمیں عمل کا دھنی اور کردار کا غازی بننے کی ضرورت ہے۔ اقبال کی فکر نے صرف اپنے دور کے مسلمانوں تک محدود نہیں تھی بلکہ آج بھی اقبال کی فکر ہمیں پھر سے ایک قوم بلکہ صاحب سطوت و شوکت میں بدل سکتی ہے۔ آج شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اقبال کی اسی فکر کو علمی اور عملی طور پر پروان چڑھا رہے ہیں تاکہ امت مسلمہ دوبارہ عروج حاصل کر سکے۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
تبصرہ