
چکوال: منہاج یوتھ لیگ چکوال کے زیراہتمام تیسری سالانہ درود کانفرنس نہایت روحانی و ایمان افروز ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں آقائے دو جہاں ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں 46 کروڑ مرتبہ پڑھے گئے درود پاک کا نذرانہ پیش کیا گیا۔
اس بابرکت اجتماع میں رانا وحید شہزاد، مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ پاکستان، نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کی آمد پر منتظمین اور شرکاء نے والہانہ استقبال کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا وحید شہزاد نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امتِ مسلمہ کے نوجوانوں کو علم، شعور اور عشقِ رسول ﷺ کے ساتھ جوڑنے کا عظیم فریضہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ “منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان آقائے کریم ﷺ سے اپنی نسبتِ قلبی کو مضبوط بنانے کے لیے درود و سلام کو اپنی زندگی کا مستقل معمول بنائیں۔”
رانا وحید شہزاد نے اعلان کیا کہ منہاج یوتھ لیگ پورے پاکستان میں “ہر گھر بنے گا مرکزِ علم” کے عنوان سے ایک علمی و فکری تحریک جاری کرے گی۔ ان مراکز میں حلقاتِ درود کا بھی باقاعدہ اہتمام کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں میں روحانیت اور شعورِ دینی کو فروغ دیا جا سکے۔ مرکزی صدر نے منہاج یوتھ لیگ چکوال کو 46 کروڑ درود پاک کی عظیم پیشکش اور شاندار درود کانفرنس کے انعقاد پر دلی مبارکباد دی۔
کانفرنس میں توقیر اعوان (جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب)، چوہدری نظر حسین (صدر تحریک منہاج القرآن ضلع چکوال)، ہارون حیدر خان (صدر منہاج یوتھ لیگ ضلع چکوال)، ذیشان عارف (جنرل سیکرٹری منہاج یوتھ لیگ ضلع چکوال)، محمد عثمان (صدر منہاج یوتھ لیگ تحصیل چکوال) نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
محفل کے اختتام پر درود و سلام اور خصوصی دعا سے فضا معطر ہو گئی۔







    
تبصرہ