شیخ الاسلام کی 61 ویں سالگرہ پر دعائیہ تقریب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 61 ویں سالگرہ پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں 18 اور 19 فروری کی درمیانی شب خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا اہتمام منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت نے کیا تھا۔ قائد ڈے کے اس مرکزی پروگرام کی صدارت ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض سمیت تمام مرکزی قائدین نے بھی پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب 9 بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس میں بلالی برادران، منہاج نعت کونسل، عنصر علی قادری، شکیل احمد طاہر، شہزاد برادران، حسانی برادران اور ہمدمی برادران سمیت دیگر ثناء خوان حضرات نے بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نعتیہ کلام پیش کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض علامہ محمد شریف کمالوی نے سر انجام دیئے۔ قائد ڈے کے اس پروگرام میں شیخ الاسلام کی شخصیت پر خصوصی کلام، تحریکی ترانے مترنم انداز میں پیش کیے گئے۔

نظامت امور خارجہ کی طرف سے بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کی خوشی میں 61 پاونڈ کا کیک کاٹا گیا جس پر بیرون ممالک کی تنظیمات کی نمائندگی کرنتے ہوئے مختلف ممالک کے جھنڈے بنائے گئے تھے۔ سالگرہ کی تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے سیکرٹری ضیاء الحق رازی (کینیڈا) نے بھی خصوصی شرکت کی جبکہ مانچسٹر (برطانیہ) کے صدر عتیق اللہ بٹ، جدہ، مدینہ منورہ شریف، فرانس، یو اے ای، کویت اور دیگر ممالک کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ نظامت امور خارجہ کی طرف سے سالگرہ کے ہال اور سٹیج پر مختلف ممالک کے فلیکس بھی آویزہ کیے گئے تھے جن پر فرانس، ڈنمارک، سپین، انڈیا، برطانیہ، امریکہ، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، یو اے ای اور کینڈا کے بارے میں تنظیمی معلومات درج تھیں۔

پروگرام میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے عظیم قائد نے اسلام کی حقیقی تعلیمات کے فروغ کے لیے اپنی زندگی کے 31 سال لگا دیے اور ان کے ہاتھوں سے لگایا گیا منہاج القرآن کا پودا تن آور درخت بن چکا ہے۔ عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تحریک منہاج القرآن کے لاکھوں کارکن 7 روز تک دنیا بھر میں قائد ڈے کی تقریبات روایتی ولولے اور جوش و خروش سے منائیں گے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تجدید دین کیلئے خدمات انہیں دنیا میں منفرد مقام دلاتی ہے آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی فکر اور ان کی عملی کاوشوں سے رہنمائی لے کر آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب شیخ الاسلام کی درازی عمر، صحت و سلامتی کے لیے ہے، جس میں ہم سب اللہ رب العزت کے حضور دعاگو ہیں کہ وہ ہمارے اور امت مسملہ کے عظیم قائد کو لمبی زندگی عطاء فرمائے۔ آج کی رات ہمیں منہاج القرآن کے مصطفوی مشن اور شیخ الاسلام سے اپنے عہد کی تجدید بھی کرنی ہے۔ کہ وہ اس عظیم قیادت کی رہنمائی میں مصطفوی انقلاب کی منزل کو ضرور حاصل کریں گے۔

تقریب میں 61، اکسٹھ پاونڈ کے 5 کیک بھی کاٹے گئے۔ جبکہ پروگرام کے اختتام پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شیخ الاسلام کی درازی عمر اور صحت سلامتی کے لیے خصوصی رقت آمیز دعا کرائی۔ پروگرام کے بعد تمام شرکاء کو کیک کے علاوہ ضیافت بھی پیش کی گئی۔

دریں اثناء شیخ الاسلام کی سالگرہ کے سلسلہ میں ہفت روزہ تقریبات 18 فروری 2012ء کی صبح شروع ہوئی۔ جس کا آغاز دعائیہ تقریب سے ہوا۔ اس موقع پر شیخ الاسلام کی درازی عمر اور صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شیخ الاسلام کے پرنسپل سیکرٹری جی ایم ملک کو آفیشل ای میلز پر دنیا بھر سے مبارکبادی کے لاکھوں پیغامات موصول ہوئے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔

اس کے ساتھ پوری دنیا میں قائد ڈے کی تقریبات جاری ہیں جبکہ 19 فروری 2012ء کو دنیا کے پانچ براعظموں پر پھیلے تحریک منہاج القرآن کے تنظیمی نیٹ ورک سے لاکھوں کی تعداد میں کارکنان و رفقاء نے سالگرہ تقریبات منعقد کیں۔ جس میں کیک کاٹ کر کارکنان نے اپنے قائد کی درازی عمر اور صحت کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ شکرانے کے نوافل بھی ادا کیے گئے۔ پوری دنیا میں منہاج القرآن کے اسلامک و کلچرل سینٹرز پر شیخ الاسلام کی شخصیت کے مختلف گوشوں کے حوالے سے سیمینارز اور دعائیہ تقاریب کا بھی انعقاد ہوا۔

تحریک منہاج القرآن کے دنیا بھر کے کارکن 7 روز تک قائد ڈے کی تقریبات منائیں گے۔ دنیا بھر میں کارکنوں نے ایک دوسرے کو سالگرہ کے خصوصی کارڈز دیے اور موبائل پر sms کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مذہبی، سیاسی، سماجی، تعلیمی، رفاعی خدمات اور امن عالم کے قیام کے لیے دنیا کو فکری و عملی رہنمائی دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

تبصرہ