شیخ الاسلام کا اے آر وائی نیوز کو انٹرویو

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ساری قوم پر خود کش حملہ ہو چکا ہے، ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں، صرف سیاست ہی بچی ہے۔ مذہبی جماعتیں بھی کردار سے خالی ہو گئی ہیں۔ ملک ناکام ریاست کی طرف سفر کر رہا ہے اور ایسے حالات میں آئندہ قومی انتخابات کے ذریعے بھی ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آ رہی۔ یہ باتیں انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال تو یہ ہے میں میزبان ڈاکٹر دانش سے گفتگو کرتے ہوئے کیں۔ اے آر وائی نیوز کا یہ انٹرویو 25 مارچ 2012ء کو شب 8 بجے براہ راست پیش کیا گیا، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے براہ راست شرکت کی۔ شیخ الاسلام کے حالیہ دورہ انڈیا کے بعد یہ کسی بھی پاکستانی چینل کو دیا جانے والا پہلا انٹرویو تھا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں۔ جمہوریت عمارتوں کا نام نہیں، بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جو جمہوریت کی تعریف ہے۔ اس کے مطابق پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری اقتدار کا جنازہ نکل چکا ہے۔ آج جمہوریت کے فروغ کے لیے ساری چیزوں کے ہوتے ہوئے بھی پاکستان میں جمہوریت موجود نہیں۔

جو سیاسی جماعتیں جمہوریت، جمہوریت کا راگ الاپ رہی ہیں، خود ان کے اندر بھی جمہوری روایات اور کلچر موجود نہیں۔ ایسے میں سسٹم بچاؤ کا نام لے کر عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے۔ جب کوئی حکمران طبقے سے پوچھتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ عوام کو جوابدہ ہیں، کیونکہ عوام نے انہیں منتخب کر کے اسمبلیوں میں بھیجا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ملک میں عوام شعور سے خالی ہیں۔ جس کی وجہ سے ہم بحیثیت قوم اپنی غیرت و حمیت بھی کھو چکے ہیں۔ قوم کو اس قدر مسائل کی گرداب میں پھنسا دیا گیا ہے کہ اس کو سوائے روزی روٹی کے، کسی بات کی فکر ہی نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں آپ نے کہا کہ جس طرح سے ملک چلایا جا رہا ہے، نہ اس میں معاشی ترقی ہے اور نہ سیاسی استحکام، بلکہ پاکستان ایک ناکام ریاست کی طرف سے سفر کر رہا ہے۔ اللہ نہ کرے کہ پاکستان ایک ناکام ریاست بن جائے۔ لیکن اس کے حکمرانوں کو اس بات کی فکر نہیں۔

ایک سوال پر شیخ الاسلام نے کہا کہ اس ملک میں مذہبی سیاسی جماعتوںاورسیاسی جماعتوں کے کلچر میں کوئی فرق نہیں بچا۔ سوائے چند کو چھوڑ کے، ملک میں مذہبی جماعتوں میں کردار نام کی کوئی چیز ہی نہیں۔ کردار صرف اقتدار بن چکا ہے۔ ایسے میں مذہبی جماعتوں اور سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا بھی ایک ہو چکا ہے۔

آخر میں شیخ الاسلام نے کہا کہ ملک میں عوامی سطح پر شعور کی بیداری کی ضرورت ہے۔ جس کے بغیر اس ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی۔ بالخصوص آئندہ انتخابات کے ذریعے پاکستان میں تبدیلی نہیں آ سکتی۔ آئندہ قومی الیکشنز میں بھی وہی لوگ اقتدار پر نظر آئیں گے، جو برسوں سے اس ملک کے سیاسی نقشے میں موجود ہیں۔ اس لیے ان سے کسی قسم کی تبدیلی کی توقع رکھنا فضول ہوگا۔

تبصرہ