شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری اپنے دورہ یورپ میں مورخہ 12 اگست 2008ء کو ناروے تشریف لے گئے جہاں ناروے تنظیم کے عہدیداروں اور کارکنان نے آپ کا بھرپور استقبال کیا۔ اس دورہ میں معمول کی تحریکی سرگرمیوں کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے وفد نے آپ سے خصوصی ملاقات بھی کی۔ اس ملاقات کا اہتمام منہاج القرآن اسلامک سینٹر ناروے میں کیا گیا۔ وفد میں محمد علی بھاگت، حافظ عبدالمنان، حاجی اعجاز احمد، افضال سیال، شعبان حبیب الرحمن، مختیار احمد قادری، حاجی الطاف چیمہ، ساجد محمود، منشاء احمد، احمد یار تارڑ، قاری اسرار احمد، اشفاق احمد، سہیل احمد، محمد قاسم قادری، شکیل احمد، منہاج ویمن لیگ کی صائمہ نورین، نائلہ نرگس، کرن منشاء اور دیگر خواتین بھی شامل تھیں۔
ملاقات کے لیے ایک مختصر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ تقریب میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سید ارشد شاہ، علامہ حسن میر قادری اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے اٹلی کے رفقاء اور دیگر حاضرین کو تربیت کے امور پر مختصر لیکچر دیا۔ آپ نے کہا کہ انسان اس وقت تک کسی بھی فیلڈ میں ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہ اپنے اندر عاجزی و انکساری پیدا نہ کر لے۔ جس انسان نے عاجزی کو اپنا شعار بنا لیا تو وہ اپنی منزل کی معراج تک پہنچ جائے گا۔ آپ نے کہا کہ تکبر و غرور کرنے والا شخص اللہ کے غضب کو دعوت دیتا ہے۔ اگر آپ نے اللہ کے غضب سے بچنا ہے تو خود کو عاجزی کا پیکر بنا لیں۔
آخر میں تمام حاضرین نے آپ سے الگ الگ مصافحہ کیا اور دعا کیساتھ اس مختصر تقریب کا اختتام ہوا۔
تبصرہ