پاکستان عوامی تحریک جہلم کے زیراہتمام کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف احتجاجی ریلی 7 اپریل کو منعقد ہوئی جس کی قیادت سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کی جبکہ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القران شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی۔ ریلی میں جہلم بھر سے ہزاروں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ پاکستان قوم کو تلاش کر رہا ہے۔ ہم پنجابی، سندھی، بلوچی اور پٹھان تو ہیں مگر پاکستانی نہیں رہے۔ آج گروہوں میں بٹے رہنے کی روش سے تائب ہو کر پھر سے قوم بننا ہو گا۔ موجودہ انتخابی نظام کے ہوتے درست قیادت کا انتخاب نہیں ہو سکتا، عوام کو انتخابی اصلاحات کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو کر تبدیلی کی جدوجہد کا آغاز کرنا ہو گا۔
پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور مہم ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گی۔ 11 مئی کو ساری قوم اس فرسودہ اور ظالمانہ نظام انتخاب کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے تحت ہونے والے پر امن دھرنوں میں شریک ہو کر حقیقی تبدیلی کی جدوجہد میں شامل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہو نگے۔ بلوچستان کی صورتحال کے ہم سب ذمہ دار ہیں، عوام کو اپنی ترجیحات بدلنا ہو نگی۔ منشور کی سیاست کو موجودہ انتخابی نظام نے دفن کر دیا ہے۔ حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کرادار ادا کرنا ہو گا۔
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی مسائل کا ذمہ دار یہ ظالمانہ نظام انتخاب ہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے تسلسل نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے جبکہ ہوشرباء مہنگائی نے ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہو گا اور ملک و عوام کو مسائل کی گرداب سے نکالنے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دینا ہو گا جو ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے سنجیدہ، موثر اور حقیقی جدوجہد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب مخدوش اور بوسیدہ ترین عمارت ہے جس سے ملک و قوم کو شدید ترین خطرہ ہے اس لئے مسمار کر کے اسکی تعمیر نو کی ضرورت ہے۔ مرمت سے کام چلانے کی کوشش قوم کو ملبے تلے دبانے کا مکروہ اقدام ہو گا۔ موجودہ نظام کے تحت ووٹ ڈالنا جرم ہو گا۔ اس جرم میں شامل ہونے کی بجائے عوام کو شعور و آگہی کی چھتری تلے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شریک ہو کر پوری دنیا کو جمہوری شعور کا ثبوت دینا ہو گا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی شازیہ شاہین اور شازیہ مظہر جبکہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز کی صبیحہ مصطفوی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا۔
تبصرہ