شہر اعتکاف ہزاروں معتکفین کیلئے تیار، رجسٹریشن مکمل

اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں خواتین و حضرات اعتکاف بیٹھیں گے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی معیت میں ہزاروں مردوخواتین شہر اعتکاف کے مکین بنیں گے
اعتکاف 2013ء کے سربراہ شیخ زاہد فیاض اور سیکرٹری جواد حامد کی شہر اعتکاف میں مشترکہ پریس کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ، اعتکاف 2013 ء کے سربراہ شیخ زاہد فیاض اور سیکرٹری جواد حامد نے شہر اعتکاف میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامع المنہاج ٹائون شپ میں 30 جولائی (منگل) سے شروع ہونیوالے اعتکاف کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی معیت میں ہزاروں مردوخواتین عید کا چاند نظر آنے تک حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے (شہر) اعتکاف کے مکین بنیں گے۔ اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں خواتین و حضرات الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے۔ اعتکاف میں شرکت کیلئے کوئٹہ، کراچی شمالی علاقہ جات، اندرون سندھ، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور آزاد کشمیر سے معتکفین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے پورے ملک میں اعتکاف کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ رجسٹریشن نہ کروانے والے افراد کیلئے جگہ نہیں ہے۔ بیرونی دنیا سے بھی سینکڑوں معتکفین شرکت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر احمد نواز انجم، ساجد محمود بھٹی، قاضی فیض الاسلام، عبد الحفیظ چودھری، شہزاد رسول اور مرکزی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 2000 نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی دیں گے۔ شہر اعتکاف میں مختلف جگہوں پر کیمرے لگا دئیے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے پولیس کی بھاری نفری بھی سیکیورٹی پر مامور ہوگی۔ مرد و خواتین کی اعتکاف گاہ کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگا دئیے گئے ہیں۔ گرمی سے بچائو کیلئے مسجد کے صحن کے دونوں اطراف 4فٹ قطر کے بڑے پنکھے لگا دئیے گئے ہیں۔ معتکفین کے وضو کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ طہارت خانوں کا بہتر انتظام موجود ہے۔ ہزاروں افراد کیلئے 25 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ہمہ وقت شہر اعتکاف میں ہو گی جبکہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی 11 ایمبولینسز بھی ہمہ وقت موجود ہوں گی۔ جامع المنہاج میں ہزاروں مرد جبکہ منہاج القرآن گرلز کالج میں خواتین معتکف ہوں گی۔ امسال حسب روایت بیرونی ممالک سے بھی سینکڑوں افراد معتکف ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری امسال نماز تراویح کے بعد درس قرآن و تصوف دیں گے۔ شیخ الاسلام کے دروس اور خطابات سے بہتر انداز میں استفادہ کرنے کیلئے شہر اعتکاف میں تین LED سکرینز لگائی گئی ہیں تا کہ معتکفین کو خطابات دیکھنے اور سننے میں آسانی ہو۔ فجر کی نماز کے بعد معتکفین کو آرام کا موقع دیا جائے گااس کے بعد انفرادی اور اجتماعی معمولات کا سلسلہ نماز ظہر تک جاری رہے گا۔ شہر اعتکاف میں سائونڈ کا بہترین انتظام کر دیا گیا ہے۔ منہاج آئی ٹی بیورو نے MINHAJ.TV کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات اور شہر اعتکاف میں ہونیوالی دیگر محافل اور سرگرمیوں کو پوری دنیا میں براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا ہے اس طرح پوری دنیا میں بسنے والے مسلمان شہر اعتکاف میں ہونیوالے مختلف پروگرامز سے استفادہ کر سکیں گے۔ خواتین کی اعتکاف گاہ میں بھی دو بڑے سائز کی LED سکرینز لگا دی گئیں ہیں۔ ہزاروں معتکفین کیلئے سحری و افطاری کا وسیع انتظام کیا گیاہے۔ کھانوں کی پکوائی اور روٹیاں لگنے کا عمل ایک نظم کے تحت چلتا رہے گا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ سحری اور افطاری کیلئے بنایا جانیوالا تازہ کھانا بر وقت حلقوں میں پہنچ سکے اور ہر شخص مقررہ وقت پر سحر و افطار کر سکے۔ ٹھنڈے پانی کا وسیع انتظام پورے شہر اعتکاف میں کر دیا گیا ہے۔

تبصرہ