شہراعتکاف 2013: تئیسویں شب کی سالانہ محفل نعت

تحریک منہاج القرآن کے 23ویں سالانہ شہراعتکاف میں یکم اگست 2013ء کو طاق رات 23ویں شب رمضان کی مناسبت سے سالانہ محفل نعت نماز تراویح کے بعد منعقد ہوئی۔ جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی گفتگو کی۔ طاق رات کے اس پروگرام کی وجہ آپ کا معمول کا خطاب نہیں ہوا۔ محفل نعت کا باقاعدہ آغاز شب سوابارہ بجے ہوا۔ قاری محمد سعیدی نے تلاوت قرآن مجید سے شہراعتکاف میں موجود ہزاروں معتکفین شرکاء کے قلوب کو منور کیا۔

نعت خواں محمد علی، عنصر علی قادری، محمد افضل نوشاہی، منہاج نعت کونسل نے پروگرام میں اپنے مخصوص اندازمیں نعت خوانی کی۔ جس پر شرکاء جھوم جھوم کر اپنے جذبات ایمانی کا اظہار کرتے رہے۔

 

اس کے علاوہ شیخ الاسلام کے پوتے اور ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے چھوٹے بیٹے احمد مصطفی العربی نے اردو نعت پڑھی، جبکہ بڑے بیٹے حماد مصطفیٰ المدنی نے مراکشی طرز پر قصیدہ بردہ شریف اور عربی نعت مبارکہ "یا نور العین" بھی پڑھی، جسے بہت پسند کیا گیا۔

معارج السنن للنجاۃ من الضلال والفتن
(عقائد و اعمال، حقوق و فرائض، اخلاق و آداب، اذکار و دعوات اور معاملات و عمرانیات)

شیخ الاسلام نے اپنی نئی کتب حدیث معارج السنن للنجاۃ من الضلال والفتن (عقائد و اعمال، حقوق و فرائض، اخلاق و آداب، اذکار و دعوات اور معاملات و عمرانیات) کے بارے میں مختصر تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ علم حدیث کی بارہ، تیرہ سو سال کی تاریخ میں لکھی جانے والی یہ منفرد کتاب ہے، جس میں عقائد، عبادات اور معاملات سمیت دین کے ہر عملی گوشہ کو حدیث نبوی سے لیا گیا ہے۔

تحدیث نعمت کے طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ آج پندرہویں صدی ہجری میں اللہ تعالیٰ نے تحریک منہاج القرآن کو یہ شرف عطاء کیا ہے کہ عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذخیرہ 8 جلدوں پر مشتمل شائع ہوا ہے۔

مُد نبوی

شیخ الاسلام نے تبرکات نبوی میں سے مُدنبوی اپنے ہاتھ میں پکڑ کر معتکفین کو دکھایا۔ انہوں نے اس کے بارے میں بتایا کہ اسٹیل کاگلاس نما یہ پیمانہ اصل مُدنبوی کی مثل ہے۔ یہ مدینہ پاک کا پیمانہ پیمائش تھا۔ جس سے خود آقا علیہ السلام دودھ پیتے تھے۔ لوگوں کو اس سے گندم بھی ناپ تول کر دیتے۔ اس کا وزن تقریبا 750ملی لیٹر ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس سے پانی ڈال کر غسل بھی کرتے۔ صحابہ کرام اور اہل مدینہ اس پیمانے کا واسطہ دے کردعا کرتے کہ باری تعالیٰ مُدنبوی کے صدیقے ہمیں برکت فرما۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود یہ پیمانہ ہاتھ میں لے کر دعا فرمائی کہ اے اللہ، اس مُد کے صدقے میں برکت فرما۔ شیخ الاسلام نے کہا کہ آپ معتکفین کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ اعتکاف میں سحری و افطاری میں جو کھانا تیار ہوتا ہے، تو ایک مُد پانی ہر دیگ میں ڈالا جاتا ہے۔ اس کا وزن ایک چوتھائی کم ایک کلو گرام ہے۔ جبکہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے استعمال میں اصل مُدنبوی ترکی میں "ٹاپ کپی استنبول پیلس" میں بطور تبرکات مصطفیٰ محفوظ ہے۔ جسے حفاظت کی غرض سے ترک اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

اس پروگرام کی نقابت کے فرائض علامہ غلام مرتضیٰ علوی اور نظامت دعوت کی مرکزی ٹیم نے سرانجام دیئے۔

محفل نعت شب پونے تین بجے ختم ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خصوصی دعا کرائی۔ ملکی ترقی و سلامتی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔

تبصرہ