عید کے بعد استحصالی اور کرپٹ نظام کے خلاف بیداری شعور مہم کا آغاز ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری

لانگ مارچ عوام کے حقوق کی بحالی کا آغاز تھا، منطقی انجام ملک میں تبدیلی کے سویرے سے ہو گا
تبدیلی غریبوں کی ضرورت ہے اس لئے گھروں سے باہر انہیں ہی نکلنا پڑے گا

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ تبدیلی کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہو گااور اس کیلئے عید کے بعد استحصالی اور کرپٹ نظام کے خلاف بیداری شعور مہم کا آغاز ہو گا جو ایک کروڑ افراد کی ممبر سازی تک جاری رہے گی۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب اور دیگر صوبوں میں تنظیم سازی کے عمل کے مکمل ہونے کے بعد یونٹ سطح تک تنظیم سازی کے ٹارگٹ اور عوام کی حکمرانی ممکن ہو سکے گی۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، صوبائی صدر چوہدری بشارت عزیز جسپال، چودھری فیاض وڑائچ، ڈاکٹر الیاس قادری، میاں زاہد جاوید اور ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ لانگ مارچ عوام کے حقوق کی بحالی کا آغاز تھا اور اس جدوجہد کا منطقی انجام ملک میں تبدیلی کے سویرے سے ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نظام انتخاب کو بدلنے کیلئے جب گھروں سے نکل پڑے گی تو بڑے بڑے متکبر عناصر کی اکڑی گردنیں جھک جائیں گی۔ تبدیلی غریبوں کی ضرورت ہے اس لئے گھروں سے باہر انہیں ہی نکلنا پڑے گا۔ پاکستان عوامی تحریک کا قیام غریب کو حقوق دلانے کیلئے عمل میں آیا تھا۔ غریبوں کو حقوق دلانے کی جدوجہد سے ہمیں دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

تبصرہ