نظام کی تبدیلی کے لئے نوجوانوں کو حسینی کرداراداکرنا ہوگا۔ جاوید اصغر ججہ
قائد کی آواز پر یوتھ لیگ کے نوجوان سروں پر کفن باندھ کر نکلیں گے اور عوام کش نظام کو سمندر بدر کر کے دم لیں گے۔ شیخ اقبال
تکمیل پاکستان کے لئے نوجوانوں کو تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ جدوجہد کرنا ہوگی۔ منصور قاسم
منہاج القرآن یوتھ لیگ، راولپنڈی، پشاور اور کشمیر کے منہاج یوتھ پارلیمنٹ کے اجلاس میں خطابات
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر شعیب طاہر نے کہا ہے کہ کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لئے نوجوانوں کو حسینی کردار ادا کرنا ہوگا جس کے لئے منہاج القرآن یوتھ لیگ نے صف بندی کا آغاز کر دیا ہے، قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت کے لیے جلد ہی کال دیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج القرآن یوتھ لیگ، راولپنڈی، پشاور اور کشمیر کے عہدیداران کے منہاج یوتھ پارلیمنٹ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی کوآرڈینیٹر شیخ اقبال، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد جواد، صدر اسلام آباد جاوید اصغر ججہ، صدر راولپنڈی منصور قاسم، صدر فیڈرل ایریا جاوید قریشی، احسن قریشی اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
شعیب طاہر نے کہا کہ نام نہاد عوامی حکمران اور اپوزیشن مل کر اس غیر حقیقی جمہوریت کے کھیل میں عوام کی عزت نفس مجروح کر رہے ہیں تاکہ عوام روٹی، کپڑوں کے مسائل سے باہر نہ نکل سکیں اور جاگیر دار، سرمایہ دار اور عوام دشمن نظام حکومت کے زیر سایہ حکومت کرتے رہیں۔
صدر منہاج یوتھ لیگ اسلام آباد جاوید اصغر ججہ نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور 35 صوبوں کا ویژن حقیقی تبدیلی کا آئینہ دار ہے۔ اقتدار اگر عوام کے حقیقی نمائیندوں کے حوالے کر دیا جائے تو غربت، مہنگائی، دہشت گردی جیسے عذابوں سے قوم چھٹکارا حاصل کر سکتی ہے۔
مرکزی کوآرڈینیٹر شیخ اقبال نے کہاکہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے کارکنان اپنے قائد کی آوازپر لبیک کہتے ہوئے ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ صدر راولپنڈی منصور قاسم نے کہا کہ آج تکمیل پاکستان کا وقت ہے اس لئے نوجوانوں کو تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ جدوجہد کرناہوگی جس کے لئے پورے ملک میں منہاج القرآن یوتھ لیگ نوجوانوں کو منظم کرنے اور حقیقی تبدیلی کی جدوجہد کے لئے میدان عمل میں نکل آئی ہے۔ صدر فیڈرل ایریا شیخ اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے جوان پورے ملک کے نوجوانوں کو حقیقی تبدیلی اور غریب عوام کو ان کو حقوق دلانے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کاپیغام پہنچائے گی اور ظالمانہ نظام کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، قائد نے جس وقت آواز دی منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان سروںپر کفن باندھ کر نکلیں گے اور عوام کش نظام کو سمندر بدر کر کے دم لیں گے۔
تبصرہ