پتوکی: منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام ٹریننگ ورکشاپ

نوجوان 2014ء کو انقلاب کاسال بنانے کیلئے دن رات محنت کریں۔ ہارون ثانی
نوجوانوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز کو پتوکی کے ہر فرد تک پہنچانے کا عزم کیا
منہاج القرآن یوتھ لیگ تحصیل پتوکی کے زیراہتمام مصطفوی کارکنان کی ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب
تحصیل پتوکی کی تمام یونین کونسل سے عہدیداران اور مصطفوی کارکنان نے بھرپور شرکت کی

پتوکی(تحصیل رپورٹر)گزشتہ روز منہاج القرآن یوتھ لیگ تحصیل پتوکی کے زیراہتمام یونیق کالج میں مصطفوی کارکنان کی تربیتی ٹریننگ ورکشاپ کااہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی کوآرڈینیٹر ہارون ثانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ان کے ہمراہ منہاج القرآن یوتھ لیگ ضلع قصور کے صدر شبیر آصف اور جنرل سیکرٹری سیّدسبطین شاہ گیلانی بھی تشریف لائے۔ ہارون ثانی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 65 سال قبل ہم نے یہ وطن اسلامی جمہوریہ پاکستان ’’لاالہ الااللہ محمدرسول اللہ ‘‘ کے نعرے پر حاصل کیا تھا مگر 65 سال کے بعد بھی ہم بحیثیت قوم معاشرتی سطح پر کس بھیانک دورسے گزر رہے ہیں۔ معاشرے کا بڑا طبقہ غربت اور پسماندگی کی زندگی گزار رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی ہر آنے والے دن میں بڑھتی جا رہی ہے۔ کسی بھی مسلک اور مذہب کے فرد کی جان ومال محفوظ نہیں ہے۔ ملک کا ہر محکمہ کرپشن کی بدترین تصویر پیش کررہا ہے۔

انہوں نے مزیدگفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں سے کہا کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال کا دشمن کوئی لیڈر یا پارٹی نہیں ہے بلکہ ہمارے ملک میں رائج فرسودہ، ظالمانہ اور استحصالی نظام انتخاب ہے جسے ہم جمہوریت سمجھتے ہیں وہ فوجی ڈکٹیٹر کی آمریت سے بھی بدترین آمریت ہے۔ یہ نظام انتخاب چوروں، ڈاکوؤں اور بدمعاش لوگوں کو ایوان اقتدار میں پہنچانے کا ذریعہ ہے۔ اسی نظام کوتبدیل کرنے کیلئے ڈاکٹرطاہرالقادری نے 23 دسمبر 2012 کوسیاست نہیں ریاست بچاؤ کا نعرہ لگایا کہ اس کرپٹ ظالمانہ انتخابی نظام کو بدلے بغیر پاکستان میں حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوسکتا لہٰذا ہمیں تبدیلی کے اس سفرمیں ڈاکٹرطاہرالقادری کا دست وبازو بنیں اور دن رات محنت کریں۔ ڈاکٹرطاہرالقادری کی آواز کو پتوکی کے ہرفرد تک پہنچائیں تاکہ 2014ء کا سال پاکستان میں انقلاب کا سال بن جائے اور ملک میں ہر قسم کے استحصال اور ظلم کاخاتمہ ہوجائے۔

اس تربیتی ٹریننگ ورکشاپ کے ذریعے نوجوانوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور انہوں نے اس ورکشاپ کے ذریعے اپنے اندرچھپی صلاحیتوں کامظاہرہ کرنے کا موقع میسر آیا۔ ورکشاپ میں آنے والے نوجوانوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے اس اقدام کو بہت سراہا اور مطالبہ کیا کہ اس طرح کی تربیتی ورکشاپس کا اہتمام یونین کونسل لیول پر بھی ہوناچاہئے۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے عہدیداران جن میں محمد ندیم مصطفائی(صدر)، رانا محمد اشرف ایڈووکیٹ ناظم ویلفیئر، تنویر حسین (ناظم)، محبوب عالم بھٹی (نائب صدر)، سیّد احمد فرخ شاہ (کوآرڈینیٹرخواتین اُمور)، محمد طیب افضل صدر عوامی تحریک، محمد عامر(جنرل سیکرٹری)، رانا محمد فیاض طور ایڈووکیٹ (نائب صدر)، سیّد وحید احمد شاہ (سینئر نائب صدر)، ڈاکٹر محمد اکبر (صدر یوتھ لیگ)، محمد نقاش قادری(جنرل سیکرٹری)، محمد زبیر (جوائنٹ سیکرٹری ) کے علاوہ تحصیل پتوکی سے تمام یونین کونسل کے صدور و ناظمین نے بھرپور شرکت کی۔

تبصرہ