پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کا انتخاب، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری چیئرمین اور فیض الرحمن درانی صدر منتخب

مؤرخہ 25 جون 2006ء کو پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کا اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کے صفہ بلاک میں منعقد ہوا جس میں پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی ایگزیکٹو کا انتخاب کیا گیا جس کے مطابق ڈاکٹر محمد طاہر القادری چیئرمین، آغا مرتضٰی پویا سینئر وائس چیئرمین، رانا محمد اقبال وائس چیئرمین اور فیض الرحمن خان درانی مرکزی صدر منتخب ہوئے، جبکہ چوہدری محمد شریف اور حمزہ داؤد نائب صدور منتخب ہوئے۔ انوار اختر ایڈووکیٹ سیکرٹری جنرل، سید علی رضا رضوی سیکرٹری اطلاعات اور فیض الاسلام قاضی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوئے۔ جواد حامد سیکرٹری کوآرڈینیشن، میاں زاہد اسلام سیکرٹری فنانس، نعیم علی چیف آرگنائزر، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو ڈپٹی چیف آرگنائزر اور لطیف سندھو ڈپٹی چیف کو آرڈینیٹر منتخب ہوئے۔ صوبائی صدور میں افتخار علی کلچہ پنجاب، خالد درانی سرحد، ڈاکٹر ایس ایم ضمیر سندھ اور ظہور احمد کھوسہ صدر بلوچستان منتخب ہوئے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لندن سے مرکزی مجلس شوریٰ کو ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ تحریک منہاج القرآن اس صدی کی تجدیدی تحریک ہے فروغ و احیائے اسلام کیلئے کارکن دن رات ایک کردیں اور اس سال 50 لاکھ افراد تک تحریک کا پیغام پہنچائیں۔ کارکن عظیم سرمایہ ہیں اور موجودہ دور میں ان کی ذمہ داریاں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شوریٰ کے اجلاس میں لندن سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، شاہد لطیف، جاوید اقبال قادری، ڈاکٹر شاہد محمود، ولائت قیصر، تحریک کی جملہ نظامتوں کے قائدین اور ملک بھر سے تحصیلی و ضلعی قائدین نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دروس قرآن کے حلقہ جات، شب بیداریاں اور دعوتی کیمپس کے انعقاد پر قائدین کو مبارکباد دی۔ اور رفاقت سازی مہم میں کامیابی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی اسلام کیلئے خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔ دنیا کے 80 سے زائد ممالک میں تحریک کا پھیلتا ہوا نیٹ ورک اس بات کا غماز ہے کہ مشن کا پیغام صحیح معنوں میں لوگوں تک پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا اندرون بیرون ملک لاکھوں کارکنان پہلے سے بڑھ کر ذمہ داریوں کو نبھائیں کیونکہ فتنے کا حملہ پہلے سے کہیں بڑھ کر ہے انہوں نے کہا کہ اسلام کا حقیقی چہرہ گرد آلود کیا جا رہا ہے۔ اور اس کیلئے عالمی سطح پر سازشیں ہو رہی ہیں۔ اسلئے آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کا انسانیت کیلئے امن کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے لانے پر محنت کی جائے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شوریٰ میں ایک سال کے اہداف دیے اور ہدایات جاری کیں۔ ناظم اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر اسلامی شعائر کے پھیلاؤ کے آگے بند باندھنے کے لئے تحریک منہاج القرآن منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک کا علمی کام جو کتابوں اور کیسٹوں میں موجود ہے اس صدی کا سب سے بڑا علمی ذخیرہ ہے جو دنیا بھر میں مسلمانوں کی رہنمائی کر رہا ہے اور بہت جلد اس سے امت مسلمہ کی تقدیر بدل جائیگی۔ اسلام کو درپیش ہمہ جہت چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر کو پھیلانے پر محنت کی جائے۔ اجلاس سے جملہ نظامتوں کے ناظمین و صدور اور تحصیلی و ضلعی عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔

تحریک منہاج القرآن کی مجلس شوریٰ میں درج ذیل قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

  1. ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہاؤس مطالبہ کرتا ہے کہ عراق اور افغانستان سے امریکی و اتحادی افواج واپس چلی جائیں۔

  2. افغانستان میں بھارت کے بڑھتے ہوئے اثر و نفوذ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان قیادت کو دانشمندانہ فیصلے کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

  3. امریکہ اور بھارت کا ایٹمی توانائی معاہدہ جنوبی ایشیا کے خطے میں امتیازی سلوک ہے۔ امریکہ اس عمل سے باز رہے یا یہی معاہدہ پاکستان کے ساتھ بھی کرے تاکہ خطے میں طاقت کا توازن برقرار رہے۔

  4. کشمیر اور فلسطین کے عوام کو حق خودارادیت دیا جائے اس حوالے سے OIC ،UNO اور بڑی طاقتیں انڈیا اور اسرائیل پر حقیقی دباؤ ڈال کر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

  5. کشمیر ایشو کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بیرون ممالک سفارت خانوں میں ماہرین امور کشمیر کا تقرر کیا جائے تاکہ کشمیر کے تنازعہ پر عالمی رائے عامہ کوہموار کیا جائے۔

ِ

رپورٹ اجلاس سنٹرل ایگزیکٹو کونسل

رپورٹ اجلاس مرکزی مجلس شوریٰ

تبصرہ