سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے عوامی امنگوں کی ترجمانی کی: ڈاکٹر حسین محی الدین

حکمران جماعت کو 7 سال تک بلدیاتی اداروں پر تالے لگانے کا ر یکارڈ مبارک ہو : صدر فیڈرل کونسل
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہید انقلابیوں کے سپہ سالار ہیں، یوتھ ونگ گوجرانوالہ کے ورکرز کنونشن سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے مرکزی صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے عوامی تحریک گوجرانوالہ کے امن یوتھ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سپریم کورٹ نے 18 کروڑ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی، پنجاب کی حکمران جماعت کو پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں بلدیاتی اداروں کو مسلسل 7سال تک تالے لگا کر رکھنے کا ریکارڈ مبارک ہو۔ سپریم کورٹ کی خصوصی دلچسپی سے انتخابات کی امید پیدا ہوئی ہے۔ بلدیاتی اداروں کو ملنے والے 150 ارب روپے کا آج تک آڈٹ نہیں ہونے دیا گیا۔ موجودہ حکمرانوں نے 7 سال میں بلدیاتی اداروں کے 700 ارب سرکاری ایڈمنسٹریٹرز کے ذریعے پسندیدہ منصوبوں پر خرچ کیے جن کا آڈٹ اور حساب ہونا ابھی باقی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہید انقلابیوں کے سپہ سالار ہیں، عوامی تحریک کے پڑھے لکھے نوجوان بلدیاتی الیکشن میں اہم کردار ادا کریں گے، قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری نے انقلاب کی منزل تک پہنچنے کیلئے حکمت عملی تبدیل کی، عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان نے جان و مال کی قربانیاں دے کر خود کو عظیم اور ماڈل کارکن ثابت کیا ہے۔ نوجوان تعلیم، سچ اور تحقیق کے راستے پر چلتے رہیں، منزل زیادہ دور نہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ انقلاب کی جدوجہد پاکستان کے مجبور، مزدور، خواتین، اقلیتوں کو بااختیار بنانے اور کسانوں، ڈاکٹرز، انجینئرز کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق قومی ترقی و خوشحالی میں آزادانہ کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7سال میں ہزاروں پڑھے لکھے قابل پاکستانی ملکی خراب سیاسی حالات اور حکمرانوں کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے ملک چھوڑ کر چلے گئے، صرف ایک صوبہ پنجاب سے 7سال میں 5 ہزار سے زائد ڈاکٹر ملک چھوڑ گئے۔ جب تک باوسائل طبقہ کے مفاد کا تحفظ کرنے والا موجودہ استحصالی نظام برقرار رہے گا خط غربت کی لکیر بڑھتی رہے گی اور قابل پاکستانی ملک چھوڑتے رہیں گے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان کا مستقبل اور قیمتی سرمایہ اس کے پڑھے لکھے نوجوان ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کو پالیسی سازی کے شعبوں میں بیٹھا دیکھنا چاہتی ہے، زمانہ غار کی موجودہ لیڈر شپ ملک و قوم کو زمانہ غار کے دور میں لے گئی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے بہنے والے خون کے قطرے قطرے کا حساب لیا جائیگا۔ حکمرانوں کی یہ بھول ہے کہ وہ حیلوں، ہتھکنڈوں سے ہمیں انصاف کے راستے سے ہٹادیں گے۔ آج تک حکمرانوں کا کوئی ہتھکنڈا ہمیں ڈرا سکا نہ جھکا سکا۔

کنونشن سے مرکزی صدر یوتھ ونگ شعیب طاہر، وقار احمد اور ملک عرفان نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ