موجودہ اور ماضی کی دو حکومتوں نے دہشتگردی کے فتنہ بارے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا: عوامی تحریک یوتھ ونگ

حکومت انتہا پسندی کے چیلنج سے نمٹنے کی بجائے سیاسی تماشوں میں مصروف ہے
ڈاکٹر طاہر القادری نے فروغ امن کا نصاب دیکر اندھیرے میں شمع روشن کی، مقررین
فوجی آپریشن دہشتگردی کے خاتمہ کی طرف پہلا ٹھوس قدم، اصل معرکہ ضرب علم و شعور ہے
نصاب سرکاری سطح پر رائج کیا جائے ، عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیر اہتمام فروغ امن سیمینار
حکمرانوں نے اپنے ہی اعلان کردہ قومی ایکشن پلان کو ناکام بنا دی

لاہور(31 جولائی 2015 )حکومت انتہا پسندی کے چیلنج سے نمٹنے کی بجائے سیاسی تماشوں میں مصروف ہے۔ موجودہ اور ماضی کی دو حکومتوں نے دہشتگردی کے فتنہ بارے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے فروغ امن کا نصاب دیکر اندھیرے میں شمع روشن کی۔ فوجی آپریشن دہشتگردی کے خاتمہ کی طرف پہلا ٹھوس قدم، اصل معرکہ ضرب علم و شعور کا آغاز اور ہر طرح کی ناانصافی کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔ اگر سیاسی سطح پر یہ مقاصد حاصل نہ کیے گئے تو فوجی آپریشن کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیاں عارضی ثابت ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں نے یوتھ ونگ کے زیر اہتمام ’’فروغ امن کا نصاب ‘‘کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے کیا۔ سمینار سے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈاپور، یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی، ویمن لیگ کی صدر فرح ناز اور ایم ایس ایم کے صدر عرفان یوسف نے خطاب کیا۔ سیمینار میں ایک قرارداد کے ذریعے انسداد دہشتگردی اور فروغ امن کا نصاب دینے پر سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔ قرارداد میں فروغ امن کے نصاب کو سرکاری سطح پر رائج کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد نائب ناظم اعلیٰ یوتھ افیئرز تنویر خان نے پیش کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ فروغ امن کا نصاب اپنی نوعیت کی ایک منفرد عالم گیر تحقیقی اور علمی کاوش ہے۔دہشتگردی کو ختم کرنے کے نعرے اور دعوے اپنی جگہ مگر دہشتگردی کے فتنہ سے نمٹنے کیلئے حکومتی سطح پر جن ٹھوس اقدامات کی ضرورت تھی وہ نہیں اٹھائے گئے۔ اس نصاب سے یہ خلاء پر کرنے میں مدد ملے گی۔

خرم نواز گنڈاپور نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے بانی ڈاکٹر طاہر القادری نے امن نصاب تیار کر کے پوری انسانیت کی خدمت کی ہے۔ ان کی ذات سے اختلاف کرنے والے ایک بار صدق دل اور خلوص نیت کے ساتھ اس نصاب کا مطالعہ کریں اور اس نصاب کو نئی نسل کیلئے علم و آگاہی کا ذریعہ بننے دیں اور منفی ہتھکنڈے بند کر دیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے فروغ امن کا نصاب دیکر انتہا پسندوں کے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ اتحادیوں کے منہ بند کر دئیے۔ یہ نصاب طلبہ،اساتذہ،علماء ،پروفیشنلز کے ساتھ ساتھ معمولی سوجھ بوجھ رکھنے والے ہر شہری کیلئے مفید ہے۔ یوتھ ونگ کے صدر مظہر علوی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری سیاست برائے خدمت اور سیاست برائے انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔ تمام تر خلفشار، مسائل اور سماجی ناہمواریوں کے باوجود سربراہ عوامی تحریک نے آئندہ نسلوں کیلئے اپنے تحقیقی کام میں خلل نہیں آنے دیا۔ نوجوان فروغ امن کے نصاب کے مطالعہ کو اپنے معمولات کا حصہ بنائیں۔ ان کی دنیا بدل جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے درمیان ڈاکٹر طاہرالقادری جیسی بے لوث علمی شخصیت موجود ہے۔ ویمن لیگ کی صدر فرح ناز نے کہا کہ موجودہ حکمران دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے نہ کچھ خود کررہے ہیں اور نہ کسی کو کرنے دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا راستہ روکنے کیلئے حکمران قومی وسائل کو استعمال کر رہے ہیں اور حق سچ کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ دہشتگردی نے ہمارے سیاسی، معاشی اور سماجی نظام کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں۔ اس وقت فوج دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ لڑرہی ہے اور وزیراعظم سیاسی مخالفین کو زچ کرنے اور سیاسی تماشے کرنے میں مصروف ہیں۔ یہ غیر سنجیدگی قومی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران دہشتگردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے فروغ کا نصاب مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کیلئے بھی مفید، تربیت اور کردار سازی کیلئے انتہائی اہم ہے۔ ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کہا کہ 50 ہزار سے زائد جانیں دہشتگردی کی نذر ہو گئیں۔ لاکھوں زخمی ہوئے، قومی معیشت کو کھربوں ڈالر کا نقصان پہنچا مگر موجودہ حکمران اور ماضی کی دو حکومتیں اس فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے دانستہ پس و پیش سے کام لیتی رہیں جس کا نتیجہ دہشتگردی کے پھیلاؤ اور فوجی آپریشن کی صورت میں برآمد ہوا۔ حکمرانوں نے اپنے ہی اعلان کردہ قومی ایکشن پلان کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن سول سوسائٹی سے ملکر دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کیلئے جانی، مالی ہر سطح پر قربانیاں دے رہی ہے۔ پرعزم ڈاکٹر طاہرالقادری نوجوانوں کیلئے امید اور حوصلہ ہیں۔

تبصرہ