پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد ثقلین عطاری گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن مرکزی سیکرٹریٹ خصوصی وزٹ کیلئے تشریف لائے۔ اس موقع پر ناظم تنظیمات شاہد لطیف قادری، نائب ناظم ویلفیئر شمیم نمبردار، نائب صدر ایم ایس ایم چوہدری ظہیر عباس گجر اور دیگر قائدین نے محمد ثقلین کو گلدستہ پیش کر کے انکا استقبال کیا۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ان سے خصوصی ملاقات کی، اس ملاقات میں ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے محمد ثقلین کو تحریک منہاج القرآن کے عالمگیر دعوتی وتنظیمی نیٹ ورک اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اسلام کیلئے خدمات پر بریفنگ دی۔
محمد ثقلین عطاری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اسلام، مسلم امہ اور تجدید دین کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے مراکز کو دیکھا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یورپ میں اسلام کو ایک پُرامن اور روشن خیال مذہب کے طور پر متعارف کروایا۔ ہمیں انکی قیادت پر فخر ہے۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی دعوتی و تنظیمی سرگرمیوں میں اپنی خدمات کی یقین دہانی کروائی۔ اس ملاقات میں قومی ہاکی ٹیم کی موجودہ کارکردگی اور بالخصوص ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شکست پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس حوالے سے قومی کپتان نے آئندہ عمدہ کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کیا۔
آخر میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے محمد ثقلین کو شیخ الاسلام کا ترجمۃ القرآن "عرفان القرآن" کا تحفہ پیش کیا۔ اس ملاقات کے بعد محمد ثقلین عطاری کو تحریک منہاج القرآن کے مختلف فورمز اور شعبہ جات کا تفصیلی وزٹ کروایا گیا جسمیں انہوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ مرکزی سیل سنٹر کے وزٹ کے دوران انہوں نے شیخ الاسلام کی آڈیو ویڈیو سی ڈیز اور کتب کے علاوہ سندھی ٹوپی بھی پسند کی۔ جو انہیں بطور تحفہ دی گئی۔ "فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ" میں انہوں نے لائبریری اور ریسرچ سنٹر کو گہری دلچسپی سے دیکھا۔ آخر میں محمد ثقلین نے گوشہء درود میں بھی حاضری دی "گوشہء درود" کے قیام پر محمد ثقلین نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی یہ کاوش "امت مسلمہ میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ اور ربط رسالت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پختگی کا ذریعہ ہے۔ آخر میں انہوں نے اعتکاف میں شیخ الاسلام سے ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ یاد رہے کہ محمد ثقلین سال 2003ء سے قومی ہاکی ٹیم کی قیادت سنبھالے ہوئے ہیں۔ انہوں نے 200 سے زائد میچز میں ملک کی نمائندگی کی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یہ انکی پہلی آمد تھی۔
تبصرہ