جہلم: منہاج القرآن یوتھ لیگ کی ڈھوک منور میں سالانہ محفلِ میلاد

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیرِاہتمام 20 فروری 2016 کو ڈھوک منور، یونین کونسل گھرمالہ میں 13 ویں سالانہ محفلِ میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کی گئی۔ محفل کی صدارت آستانہ عالیہ شکریلہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید محبوب حسین شاہ نے کی۔ محفل میں تحریک منہاج القرآن ضلع جہلم کے ناظم محمد اکرم بھٹی، منہاج القرآن یوتھ لیگ ضلع جہلم کے صدر امانت علی، تحریک منہاج القرآن تحصیل جہلم کے صدر نوید احمد، تحریک منہاج القرآن جہلم کے صدر راجہ محمد وقاص سمیت تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور عشاقانِ رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بڑی تعداد شریک تھی۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام رحمٰن سے ہوا جس کی سعادت قاری اسماعیل صدیقی نے حاصل کی۔ حافظ احسان قادری، قاری ذیشان الحق قادری اور سید بلال حسین شاہ نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ للہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے، جبکہ ابرار سرور رضوی نے نقابت کے فرائض انجام دئیے۔

پیر سید محبوب حسین شاہ نے محفل نعت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کی ذات ایک نئی راہ اور نئی طرز دیتی ہے۔ جب لوگ بھولے ہوئے، بھٹکے ہوئے اور گمراہ ہوتے ہیں، انہیں نہ اپنی پہچان ہوتی ہے اور نہ اپنے خالق کی پہچان ہوتی ہے، نہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہوتا ہے اور نہ دوسرے کے ساتھ تعلقات کی نوعیت کی معرفت ہوتی ہے وہ محض گمراہی، لاعلمی، بےخبری، جہالت اور ضلالت میں ہوتے ہیں۔ ان حالات میں نبی کی ذات خود راستہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب نبی مبعوث ہوتا ہے تو بھولے ہوئے انسانوں کو راستہ دکھا دیتا ہے۔ اس نبی کی ذات، سیرت، وجود، عمل، طور طریقے اور اسوہ و شعار میں خود ایک راستہ ہوتا ہے جو بھولے ہوؤں کو حق کی طرف لے جاتا ہے۔ وہ نبی ایسا راستہ دکھاتا ہے کہ بندے کو نہ صرف اپنی بلکہ اپنے خالق و مالک کی پہچان بھی ہوتی ہے۔ اپنے اور دوسرے لوگوں کے درمیان رشتے کی نوعیت کی پہچان کے ساتھ ساتھ وہ اچھے برے کو بھی جان جاتا ہے۔ گویا ایک کامل ہدایت کا راستہ دے دینے والے اور انسانیت کے لئے خود راستہ بن جانے والے کو نبی کہتے ہیں۔

تبصرہ