پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ ہری پور کے زیراہتمام 27 اپریل 2016 کو حکمران خاندان کی میگا کرپشن، منی لانڈرنگ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی خصوصی طور پر شریک تھے۔ مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران اور کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء گو نواز گو، نواز شریف استعفیٰ دو اور کرپٹ حکمران نامنظور کے نعرے لگا رہے تھے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مظہر محمود علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک روز اول سے حکمرانوں کی کرپشن اور اقربا پروری سے پردہ اٹھاتی رہی ہے، لیکن پانامہ لیکس کی جانب سے حکمرانوں کی کرپشن کو بےنقاب کرنے سے انہیں منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی۔ وزراء سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم کے بیٹوں کی صفائیاں پیش کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ دوسروں کو ’شرم، حیا‘ یاد دلانے والوں کو بھی کوئی شرم آنی چاہئے کہ وہ اس طرح سے سینہ زوری کے ساتھ عوامی خزانے پر ڈاکہ ڈال کر موج مستیاں کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ میاں نواز شریف فوری طور پر مستعفی ہو کر لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری لانے کے دعویدار وزیراعظم خود ملک سے لوٹی ہوئی دولت باہر منتقل کر رہے ہیں۔ اگر پاکستان سرمایہ کاری کے لیے محفوظ نہیں تو حکمرانوں کو پاکستان پر حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔
تبصرہ