حویلیاں: منہاج القرآن یوتھ لیگ کی ضرب امن ٹریننگ ورکشاپ

دہشت گردی اور انتہاپسندی کے عفریت نے پوری دنیا کو بالعموم اور عالمِ اسلام کو بالخصوص اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ دہشت گرد اسلام کے نام پر خودکش دھماکے، قتل و غارتگری اور شرانگیزی پھیلا کر اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔ انتہاپسندی، تکفیریت اور دہشت گردی کے سدباب کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے مبسوط تاریخی فتویٰ جاری کیا اور فروغ امن و انسداد دہشتگردی کا مکمل اسلامی نصاب متعارف کروایا۔ وطن عزیز پاکستان میں پاک فوج دہشت گردی کے خلاف ’آپریشن ضرب عضب‘ کے ذریعے دہشتگردوں کا خاتمہ کر رہی ہے، جبکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپستی میں تحریک منہاج القرآن اور اس کے جملہ فورمز ’ضرب امن‘ مہم کے ذریعے دہشتگردی اور انتہاپسندی کی فکری و نظریاتی بنیادوں کی بیخ کنی کر رہے ہیں۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ نے ضربِ امن مہم کے تحت مختلف شہروں میں ’ضرب امن سمینارز‘ اور ’ ضرب امن ٹریننگ ورکشاپس‘ کا آغاز کیا ہے، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اسلام کے پیغامِ امن و محبت اور احترامِ انسانیت سے متعارف کروایا جارہا ہے۔

اس سلسلے میں 23 اپریل 2016 کو حویلیاں میں ضرب امن ٹریننگ ورکشاپ منعقد ہوئی، جس میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے لیکچر دیا اور شرکاء کو نصاب امن سے متعلق پریزینٹیشن دی۔ ورکشاپ میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے عہدیداران اور کارکنان سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوجوانوں کو جدید تعلیم اور سیاسی شعور دیا ہے اور اب نسلِ نُو کو انتہاپسندی سے دور کرنے اور انہیں امن کا داعی بنانے کیلئے فروغِ امن اور انسدادِ دہشتگردی کا قومی نصاب مرتب کیا ہے۔ انسانی معاشرے کی سلامتی اور بقا کا اِنحصار اِنتہا پسندی اور دہشت گردی سے کلیتاً چھٹکارا پانے ہی میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ نوجوان علم اور امن کا پرچم لیکر اٹھیں اور پاکستان کو انتہا پسندی اور جہالت کے اندھیروں سے پاک کر دیں۔ تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے جدید تعلیم اور انتہا پسندی سے پاک اسلامی تعلیمات کو عام کررہے ہیں۔

تبصرہ