امتِ مسلمہ اور آج کا نوجوان
رپورٹ:۔ طاہر اعوان ( انفارمیشن سیکرٹری منہاج القرآن یوتھ لیگ اسلام آباد (اربن)
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے اٹھارویں یوم تاسیس کے موقع پر انعقاد پذیر ہونے والی ہفت روزہ تقریبات کا آغاز مورخہ 25 نومبر 2006 کو اسلام آباد میں ہونے والی پریس کانفرنس سے ہوا۔ یہ تقریبات ملک بھر میں تحصیل سطح پر انعقاد پذیر ہو رہی ہیں جبکہ اسلام آباد، مظفر آباد، کوئٹہ، ایبٹ آباد، کراچی، ڈی جی خان اور فیصل آباد میں قومی سطح کے یوتھ سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جس میں ملک بھر کے نامورادیب، سیاستدان اور سکالرز شرکت فرما رہے ہیں۔
اس سلسلہ میں میں مورخہ 26 نومبر 2006 بروز اتوار کو دن 10:00 بجے آبپارہ کمیونٹی سنٹر اسلام آباد میں قومی یوتھ سیمینار کا اہتمام کیاگیا جس کا موضوع "امت مسلمہ اور آج کا نوجوان" تھا۔
10 دن سے اسلام آباد کے نوجوان محترم عثمان بٹ (ناظم یوتھ اسلام آباد اربن) اور محترم عارف ہاشمی (ناظم یوتھ فیڈرل اسلام آباد) کی قیادت میں دن رات تیاریوں میں مصروف ہوگئے۔ نوجوانوں کی شب وروز محنت اور مرکز کی مکمل کوآرڈنیشن کے باعث سیمینار کے تمام تر انتظامات بروقت مکمل کر لیے گئے۔ اس موقع پر اسلام آباد کی تما م شاہراؤں کو حضور شیخ الاسلام کی تصویر والے خوبصورت اشتہارات سے سجایا گیا اور بینرز و پرچم بھی اپنی بہار دکھا رہے تھے۔
26 نومبر کی صبح 10 بجے موٹر وے ٹول پلازہ ترنول پر راولپنڈی یوتھ کے سینکڑوں نوجوانوں نے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کیساتھ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم یوتھ افیئرز ساجد محمود بھٹی، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ اشتیاق چوہدری، قائمقام صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ظہیر عباس گجر، نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ذیشان بیگ، نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اشتیاق حنیف مغل، نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شعیب مغل، مرکزی ناظم ویلفیئر فاؤنڈیشن عاقل ملک اور ناظم تنظیمات شاہد لطیف قادری کے قافلے کا بھر پور استقبال کیا۔ تمام قائدین کو موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے لمبے جلوس میں آبپارہ کمیونٹی سنٹر تک لایا گیا، قافلے پر جگہ جگہ گل پاشی کی گئی، قائدین کی آمد کیساتھ ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور پر جوش نعروں کی گونج اور پھولوں کی بارش میں قائدین کو سٹیج پر لایا گیا۔
پروگرام کی صدارت اشتیاق چوہدری صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی تھے۔ دیگر مہمانانِ گرامی میں ناظم یوتھ افیئرز ساجد محمود بھٹی، ناظم تنظیمات شاہد لطیف قادری، ناظم ویلفیئر عاقل ملک، سینٹر ڈاکٹر بابر اعوان، پارلیمانی سیکرٹری راحت قدوسی اور ممبر صوبائی اسمبلی راجہ عبدالرشید شامل تھے۔
تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ فیڈرل ایریا اسلام آباد راجہ نداالرحمٰن نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
استقبالیہ کلمات کے بعد سیکرٹری جنرل یوتھ بلال مصطفوی نے تمہیدی کلمات کے بعد کہا کہ اس سیمینار کامقصد وطن عزیز اور امت مسلمہ کے نوجوانوں کو عصرِحاضر کے چیلنجز کو سمجھ کر ان کے حل کے لیے تیارکرنے کی دعوت فکر دینا ہے۔ تاکہ یوتھ درپیش مسائل کو اجاگر کرکے ہر سطح پران مسائل کے حل کے لیے کاوشیں کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان اس وقت ملک کے طول و عرض میں اصلاحِ معاشرہ میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔
آج سے اٹھارہ سال قبل 30 نومبر 1988 کوحضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے قیام کا اعلان کیا جس کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جو نوجوانوں کومایوسی سے نکال کر بہتر مستقبل کی امید دلاسکے۔ جو سوسائٹی میں ہر سو پھیلی ہوئی فحاشی عریانی، مادیت پرستی، ہوس، مفاد پرستی، اخلاقی جرائم، بے مقصدیت اور ذہنی انتشار جس نے نسل نو کے ذہن کو ماؤف کر رکھا ہے کے خاتمے کیلئے نوجوانوں کی بیک وقت مذہبی، اخلاقی و روحانی تربیت کر سکے۔
محترم اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یوم تاسیس کے موقع پر نوجوان اس بات کاعزم کریں کہ ہم اپنے قائد کو افراد کا سمندر پیش کرنے کے لیے مصروفِ عمل رہیں گے اور اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک لاکھو ں افراد تک اپنے قائد کا پیغام پہنچا کر ان کو شریک کارواں نہ کر لیں۔
سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب راحت قدوسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ مبارکباد کی مستحق ہے جس نے آج انتہائی فکری موضع پر سیمینار کا انعقاد کیا ہے۔ آج نوجوانوں کی اسی طرح بہتر سے بہتر انداز میں تربیت کی ضرورت ہے تاکہ وہ صحیح معنوں میں پاکستان کی مستقبل میں قیادت کر سکیں۔
ڈاکٹر ابرار عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی اصلاحِ احوال اور اصلاحِ نفس پر توجہ دینی چاہیے تاکہ وہ اعلیٰ سیرت وکردار کے مالک بن کر ملک کی خدمت کر سکیں۔
محترم سینٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کو علامہ اقبال کے تصور شاہین اور خودی میں پنہاں خوبیوں کیساتھ خود کو مزین کرنا ہوگا۔ آج نوجوان بے روزگاری نفرت اوربد امنی کے باعث مختلف قسم کے مسائل کا شکار ہیں ان کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ناظم یوتھ افیئرز ساجد محمود بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آجکا نوجوان مختلف قسم کے فکری، معاشی، سماجی اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔ ان مسائل کی وجہ سے نوجوان مایوس ہے اس مایوسی کو ختم کرکے نوجوانوں کی فکری، نفسیاتی، سماجی شعور کی بیداری کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ کام کر رہی ہے۔ جو چاہتی ہے کہ اسلامی اقدار کے احیاء انسانی حقوق کے تحفظ اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے نوجوانوں کو قومی دھارے میں شریک کیا جائے۔ اور اسکا واحد ایک ہی راستہ اور وہ ذاتِ مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلقِ غلامی اور مصطفوی افکار پر عملدرآمد۔
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آجکا نوجوان جو ملک وقوم کے ساتھ محبت کرتا ہے۔ جس کے سینے میں اسلام کا درد ہے اور وہ ملک وقوم کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے مگر ہمارا نظام اس راستے کی رکاوٹ ہے ہمیں نوجوانوں کے مسائل کو سمجھ کر ان کو حل کرنے کیلئے مخلصانہ کوشش کرنی چاہیے۔ آج پاکستانی اور امتِ مسلمہ کا نوجوان حضور شیخ السلام کی فکر اور صحبت سے فیض پا کر خود کو پر امید اورمطمئن محسوس کرتا ہے۔ کیونکہ جو عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع اس کے دل میں حضور شیخ السلام نے روشن کر دی ہے وہ اس کو دنیا کے کسی مفاد کے آگے جھکنے نہیں دیتی وہ جھکتا ہے تو صرف اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں جھکتا ہے۔ اور اسکا دل دھڑکتا ہے تو خدمت اسلام میں دھڑکتا ہے وہ امت مسلمہ کی حالتِ زار پر روتا ہے مگر ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب امتِ مسلمہ دوبارہ اوجِ ثریا کی بلندیوں کو چھوئے گی۔ آخر پر ناظم تنظیمات علامہ شاہد لطیف قادری نے یومِ تاسیس کے پروگرام کے انعقاد پر یوتھ کو مبارکباد دی۔
کمپئرنگ کے فرائض ناظم یوتھ اسلام آباد فیڈرل عارف ہاشمی، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ اربن جاوید اصغر ججہ اور جنرل سیکرٹری یوتھ اربن ابرار رضا ایڈووکیٹ نے انجام دئیے۔ سیمینار میں ناظم یوتھ اسلام آباد اربن محمد عثمان بٹ، جنرل سیکرٹری اسلام آباد فیڈرل تنویر ملک، نائب صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ اسلام آباد سید غلام حیدر شاہ۔
صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد محمد بلال شیخ، نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد حمزہ رسول بٹ، ناظم یوتھ PP9 راولپنڈی سجاد قادری، صدر MYL راولپنڈیPP9 عبدالخفیظ تنولی، ناظم TMQ اسلام آباد سہیل مفتی، صدر TMQ اسلام آباد سید مظفر شاہ، صدر MSM اسلا مک یونیورسٹی اسلام آباد محمد منیر ہاشمی، ناظم یوتھ جہلم مرزا زاہد بیگ، ناظم یوتھ چکوال ہارون حیدر اور ناظم یوتھ گوجرخان بشیر احمد قادری کے علاوہ ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی۔
تبصرہ