ضرب امن کاررواں 29 نومبر کو ملتان پہنچے گا: صدر یوتھ

پاکستان عوا می تحریک یوتھ ونگ کا 20 نومبر کو مزار قائد کراچی سے ’’ ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواں‘‘ 29 نومبر کو ملتان پہنچے گا۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے صدر مظہر محمود علوی نے 28 نومبر کو ملتان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امن کاررواں کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اسلامی ممالک اور دنیا کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے دہشتگردی کے خاتمے اور فروغ امن کے حوالے سے ایک Peace Narrative دیا۔ یوتھ ونگ کا ضرب امن کاررواں اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

کاررواں کی ملتان آمد کے حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے مظہر محمود علوی نے کہا کہ ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواں ڈاکٹر طاہرا لقادری کے اسی پیغام امن و تبدیلی نظام کو چاروں صوبوں میں شہرشہر جاکر اجاگر کررہا ہے۔ یہ سائیکل کارواں 29 نومبر 2016ء کو دن 2 بجے ملتان پہنچے گا، جہاں گھنٹہ گھر چوک پر اس کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ ضرب امن و تبدیلی نظام کارواں کے استقبال میں سیاسی، مذہبی، سماجی شخصیات کے علاوہ مختلف مذاہب کے رہنما بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ضرب امن ریلی نکالی جائے گی جس میں قائدین خطابات کریں گے۔

صدر یوتھ ونگ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ اپنے قائد کی فکر امن کی روشنی میں امن کا پیغام لے کر ملک کی گلی گلی میں جا رہا ہے۔ جہاں تک تبدیلی نظام کی بات ہے پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری واحد لیڈر ہیں جنہوں نے ظلم اور استحصال پر مبنی نظام کو بدلنے کیلئے سب سے زیادہ جدوجہد کی اور انکے کارکنوں نے بے مثال جانی و مالی قربانیاں دیں۔

ایک سوال پر مظہر علوی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور انکے کارکنان چاہتے ہیں پاکستان میں امن ہو، فرقہ واریت کا خاتمہ ہو، انتہا پسندی، دہشتگردی کا خاتمہ ہو، پاکستان کے تمام پسماندہ اضلاع لاہور، اسلام آباد، کراچی کی طرح ترقی کریں۔ قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو۔ پڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار ملے، یکساں نصاب تعلیم اور ہر بچے کو مفت تعلیم ملے، ہر شہری کو علاج معالجہ کی سہولتیں ملیں، نا انصافی کا خاتمہ ہو۔ حکومتی اور ریاستی ادارے عوام کے حاکم بننے کی بجائے خادم بنیں۔ پارلیمنٹ میں رزق کھانے اور کمانے والے داخل ہوں۔ ، انصاف کا بول بالا ہو اور کوئی طاقتور کسی غریب پر ظلم نہ کر سکے۔

تبصرہ