پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کاررواں ملک کے 50 بڑے شہروں سے گزرتا ہوا 4 دسمبر 2016ء کی شام لاہور پہنچ گیا۔ کارروان 20 نومبر کو مزار قائد سے شروع ہوا اور ملک کے مختلف شہروں میں امن، محبت اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہوا دوپہر 2 بجے لاہور پریس کلب کے سامنے پہنچا۔ کارروان درجنوں پروفیشنل سائیکل سواروں پر مشتمل تھا۔ ضرب امن کارروان کی قیادت عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی اور سیکرٹری جنرل منصور قاسم کر رہے تھے۔
عوامی تحریک یوتھ ونگ، منہاج القرآن، عوامی تاجر اتحاد، طلباء، مزدور، وکلاء اور مختلف تنظیموں کے رہنماؤں نے ضرب امن کارروان کا پر تپاک استقبال کیا۔ ضرب امن کارروان کے اعزاز میں عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور اور منہاج القرآن لاہور نے شاندار استقبالیہ دیا۔ استقبالیہ تقریب کی صدارت منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کی۔ اس موقع پر لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان، عمر اعوان، راجہ ندیم، ڈاکٹر اقبال نور، طارق الطاف، احمد صادق، اشتیاق حنیف مغل و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین نے کارروان میں شامل سائیکل سواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور انہیں گلے لگایا۔ اس سے قبل جب صدر منہاج القرآن استقبالیہ تقریب میں پہنچے تو کارکنان نے انکا اور ضرب امن کارروان کا پر جوش نعروں سے استقبال کیا اور پھول نچھاور کیے۔ اس موقع پر شرکاء نے جیوے جیوے طاہر جیوے، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے ضرب امن کارروان میں شامل نوجوانوں نے شہر شہر، گلی گلی ہر دل پر دستک دی ہے کہ امن کا قیام اور ظالم نظام گھر بیٹھے تبدیل نہیں ہو گا۔ اس کیلئے ہر پاکستانی کو عملی طور پر اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے۔ امن و امان کی خراب صورتحال، دہشتگردی، دھماکے، روپے کی قدر میں کمی، مہنگائی، بے روز گاری، بجلی اور گیس کا بحران ایسے مسائل ہیں جنہیں حکمت اور دانائی سے حل کرنے کی ضرورت تھی مگر موجودہ حکمران ویثرن سے عاری اور نا اہل ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری قوم کو شعور دیا کہ موجودہ نا اہل حکمرانوں اور کرپٹ نظام کے ہوتے ہوئے عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ ساری قوم کوڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کے ساتھ متفق ہونا ہو گا تاکہ جلد ملک سے عوام دشمن نظام کا بستر گول ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویثرن کو عوام تک پہنچانے کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹانا کارکنوں پر فرض ہے۔ ملک کو قائد اعظم کا حقیقی پاکستان بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بد ترین ریاستی دہشتگردی ہوئی، قاتل حکمرانوں سے قصاص لیں گے۔ عوامی تحریک کے نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں جو امن، محبت، رواداری اور یکجہتی کا پیغام ملک کے کونے کونے تک پہنچا رہے ہیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس کوئی واضح معاشی پالیسی نہیں ہے۔ قیام امن اور معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ استحصالی اور کرپٹ نظام کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے تا کہ غریب عوام کو حقوق انکی دہلیز پر مل سکیں۔
صدر عوامی تحریک یوتھ ونگ مظہر علوی نے کہا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے رضا کار قافلے کی سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ امن کارروان گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سے ہوتا ہوا 16 دسمبر کو پشاور آرمی پبلک سکول پہنچے گا، جہاں شہدائے آرمی پبلک سکول کو خراج تحسین پیش کیاجائیگا اور دنیا کو محبت اور امن کا پیغام دیا جائیگا۔ استقبالیہ تقریب سے منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ نے بھی کیا۔
تبصرہ