عوامی تحریک یوتھ ونگ کے ضرب امن کاررواں کے اعزاز میں تقریب، رہنماؤں کی شرکت

دہشت گردی، انتہا پسندی اور حکمرانوں کی کرپشن پھیلتی جارہی ہے، نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا، مرکزی صدر یوتھ ونگ
سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل حل کرنے کا نام ہے مگر آج ہر طرف لوٹ مار کا بازار گرم ہے: مظہر علوی
ضرب امن کاررواں 6 دسمبر کو لاہور ایئرپورٹ پر ڈاکٹر طاہر القادری کا استقبال کر کے اگلی منزل کی جانب روانہ ہو گا

لاہور (5 دسمبر 2016) 20 نومبر کو مزار قائد کراچی سے چلنے والا عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن پہنچ گیا۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، چودھری افضل گجر، شہزاد رسول، سہیل رضا، شاہد لطیف، سعید اختر و دیگر نے پرتپاک استقبال کیا۔

کاررواں میں شامل نوجوانوں نے استقبال ماہ ربیع الاول کے سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ضیافت میلاد میں شرکت کی۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ضرب امن کارواں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی نے کہا کہ ضرب امن کارواں میں شامل نوجوان اور یہ کارواں 6 دسمبر کی رات لاہور ایئرپورٹ پر عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا استقبال کرے گا اور پھر ڈاکٹر طاہر القادری سے مزید ہدایات لیتا ہوا اگلی منزل کی جانب روانہ ہو جائیگا۔

ضرب امن کاررواں 7 دسمبر کو گوجرانوالہ پہنچے گا۔ 8 دسمبر کو گجرات اور پھر راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا 16 دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور پہنچے گا۔ جہاں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے طلباء،اساتذہ اور معصوم پاکستانی شہریوں سے اظہار یکجہتی کرے گا اور دنیا کو امن، محبت کا پیغام دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان مختلف بحرانوں کا شکار ہے ملک بچانے کیلئے نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ جمہوری قوم کو فکری اور نظریاتی غلامی سے باہر نکالنا ہو گا۔ پاکستانی قوم فکری طور پر کمزور کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی، انتہا پسندی اور حکمرانوں کی کرپشن پھیلتی جارہی ہے۔ آج غلط کو غلط کہنے کی ضرورت ہے۔ آنکھیں بند کرنے سے کچھ نہیں ہو گا ملک بچانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے نوجوان قوم کے سوئے ہوئے احساس کو بیدار کررہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کو غلامی سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ اس جدوجہد میں عوام کو شریک کرنے کیلئے نوجوان شہر شہر جارہے ہیں۔ حقیقی عوامی قیادت کو آگے لانے کیلئے ہرفرد اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور قیادت 3فیصد سے چھین کر 97فیصد کو منتقل کی جائے۔ اسی سے پاکستان حقیقی،اسلامی اور جمہوری بنے گا۔

نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے مظہر علوی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری قوم کیلئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے کو منتقل کرنا ہو گاتاکہ پاکستانیوں کی خوشحالی اور عزت و وقار انہیں واپس مل سکے۔ معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کیلئے جذبہ حب الوطنی کو بیدار کر کے استقامت سے عوام کو اقتدار واپس منتقل کرنا ہو گا۔

سیکرٹری جنرل عوامی تحریک یوتھ ونگ منصور قاسم نے کہا کہ امانتیں اصل افراد کو سپرد کرنے کا حساس جس دن عوام میں آگیا ملک میں معاشی اور سیاسی انقلاب آ جائے گا۔ عوام کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے محنت کرنا ہو گی۔ سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کا نام ہے مگر آج لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ پارلیمنٹ سنور جائے تو ملک سنور جائے گا۔ سیاسی کلچر کو بدلنے کیلئے انتخابی کلچر کو بدلنا ضروری ہے۔

تبصرہ