عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ’’ ضرب امن کاررواں ‘‘ لاہور سے پشاور روانہ

کارروان گوجرانوالہ، گجرات، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سے ہوتا ہوا 16 دسمبر کو پشاور آرمی پبلک سکول پہنچے گا
نوجوان معاشرے میں محبت، امن اور خیر کے رویوں کو عام کرنے پر محنت کر رہے ہیں: خرم نواز گنڈا پور
عوام گھروں میں بیٹھنے کی بجائے کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف حقیقی تبدیلی کیلئے باہر نکلیں: سیکرٹری جنرل PAT
حکمرانوں کا مقصد لوٹ مار ہے وہ قوم کو امن و امان نہیں دے سکتے: ضرب امن کاروان کی روانگی کے موقع پر گفتگو


لاہور (7 دسمبر2016) عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کاررواں لاہور سے آزاد کشمیر و پشاور کیلئے روانہ ہو گیا۔ ضرب امن سائیکل کاررواں گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سے ہوتا ہوا 16 دسمبر کو پشاور آرمی پبلک سکول پہنچے گا۔ مرکزی سیکرٹریٹ لاہور سے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے ضرب امن سائیکل کاروان کو روانہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن کے رہنما جی ایم ملک، صدر عوامی تحریک یوتھ ونگ مظہر علوی، ساجد بھٹی، طیب ضیاء، حافظ وقار، حاجی فرخ، چودھری افضل گجر، حافظ غلام فرید بھی موجود تھے۔

سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے امن کارروان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، سیاسی کلچر کو بدلنے کیلئے انتخابی کلچر کو بدلنا انتہائی ضروری ہے۔ عوامی تحریک کے نوجوان قوم کو فکری و نظریاتی غلامی سے نکالنے کیلئے شہر شہر امن، محبت اور یکجہتی کا پیغام دے رہے ہیں۔ ضرب امن کارروان میں شامل نوجوان ملک و قوم کا درد رکھتے ہیں۔ عوامی تحریک کے نوجوانوں کا یہ درد ملک کے ہر نوجوان کے سینے میں منتقل کرنا ہو گا تا کہ پاکستان کی خوشحالی، عزت اور وقار بحال ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اور پاکستانی قوم مایوس نہ ہوں، حالات بدلیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری قوم کی فکری رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور گلے سڑے سیاسی نظام نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ منافقانہ اور فریب پر مبنی نظام کو سمندر برد کرنا ہو گا اس کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد جاری رہے گی۔ عوامی تحریک کے نوجوان معاشرے میں محبت، امن اور خیر کے رویوں کو عام کرنے پر محنت کر رہے ہیں، اس کے ثمرات جلد عوام ضرور دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام گھروں میں بیٹھنے کی بجائے کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف کراچی سے پشاور تک حقیقی تبدیلی کیلئے نکلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث سفاک قاتلوں اور دہشتگردوں کو معاف نہیں کرینگے۔ ظالموں سے قصاص لیا جائیگا۔ حکمرانوں کا مقصد صرف لوٹ مار اور کرپشن ہے وہ قوم کو امن و امان نہیں دے سکتے۔ ضرب امن کارروان سے عوامی تحریک یوتھ ونگ کے صدر مظہر علوی نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ