منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کے زیراہتمام فری میڈیکل کیمپ

2500 مریضوں کی رجسٹریشن ہوئی، 8 سو نے چیک اپ کروایا، ہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کیلئے مفت انجکشن بھی لگائے گئے
انسانیت کی خدمت اصل عبادت ہے، حاجی محمد فرخ، عبدالمنان

منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کے زیر اہتمام پی پی 137 شاہدرہ میں فری میڈیکل و بلڈ ڈونیشن اور ہیپاٹائٹس بی اور سی کے چیک اپ کیلئے کیمپ لگایا گیا، ایک روزہ میڈیکل کیمپ میں 2500 سے زائد مریضوں کی رجسٹریشن ہوئی، 8 سو مریضوں کا ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹرز کی ٹیم نے طبی معائنہ کیا۔ ایک ماہ کی ادویات بھی دی گئیں جن کی تشخیص نہ ہو سکی وہ مریض مئی میں لگائے جانے والے میڈیکل کیمپ میں چیک اپ کروائیں گے اور مفت ادویات حاصل کر سکیں گے۔ میڈیکل کیمپ میں تجربہ کار ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ ماہر لیبارٹری ٹیکنیشن بھی موجود تھے، ہیپاٹائٹس سمیت دیگر امراض کی تشخیص اور علاج تجویز کیا گیا۔

یوتھ لیگ کے زیر اہتمام لگائے جانے والے میڈیکل کیمپ میں مرد، خواتین، بچے اور عمر رسیدہ افراد نے آنکھوں، بلڈپریشر، شوگر، کولیسٹرول اور دانتوں کے ٹیسٹ کروائے جبکہ ہیپاٹائٹس کی تشخیص، ٹیسٹ اور ہیپاٹائٹس بی کی مفت ویکسینیشن بھی کی گئی۔ اس موقع پر سرپرست پی پی 137 ڈاکٹر اقبال نور، ڈاکٹر رانا اصغر، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ پی پی 137 عبدالمنان، چودھری اقبال گجر، ڈاکٹر قاسم، شفاقت مغل، محمد دلشاد و دیگر بھی موجود تھے۔

کیمپ میں گفتگو کرتے ہوئے منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کے صدر حاجی فرخ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کی روشنی میں شب و روز دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ مئی میں لگائے جانیوالے میڈیکل کیمپ میں آنکھوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کا فری میڈیکل چیک اپ کیا جائیگا، موتیا اور آنکھوں کی دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے مفت آپریشن کیے جائینگے، منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کی جانب سے ضرورت مند و مستحق مریضوں کو فری ادویات اور چشمے بھی دئیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ غریب عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ پی پی 137 کی پوری ٹیم میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے۔

عبدالمنان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پی پی 137 میں ہر ماہ اسی نوعیت کا میڈیکل کیمپ لگایا جاتا ہے تاکہ قرب و جوار کے غریب و مستحق افراد کو مفت طبی سہولیات دی جا سکیں، منہاج القرآن یوتھ لیگ کی جانب سے ہر ماہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے، یوتھ لیگ کے نوجوان اور اہل علاقہ خدمت خلق کے جذبے کے ساتھ شرکت کے خون کے عطیات دیتے ہیں۔

تبصرہ