منہاج یوتھ لیگ کا 31 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ’’ہے زندگی کتاب دوستی‘‘ کے عنوان سے سیمینار 30 نومبر 2019ء کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ سیمینار میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کیا جبکہ منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بھی ویڈیو پیغام دیا۔
پروگرام میں منہاج یوتھ لیگ کے صدر مظہر محمود علوی، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، منہاج یوتھ لیگ کے سابقہ و موجودہ مرکزی قائدین نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے منہاج یوتھ لیگ کی نوجوانوں کے لیے خدمات کو سراہا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ منہاج یوتھ لیگ نے کتاب دوستی کے کلچر کو زندہ کرنے میں اہم کرادر ادا کیا۔ کتاب دوستی حقیقت میں علم کیساتھ دوستی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ امت مسلمہ ہمیشہ کتاب اور علم کیساتھ ہی بلند رہی ہے۔ مسلمان اقوام کا جتنا رشتہ علم اور کتاب کیساتھ زیادہ مضبوط تھا تو وہ اسی قدر ہی زیادہ مضبوط تھے۔ علم اور کتاب دوستی سے ہی مسلمانوں کو عروج ملا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا زوال کتاب اور علم کو چھوڑ دینے سے آیا۔
شیخ الاسلام نے کہا کہ لفظ کتاب عنوان قرآن اور پیغام قرآن ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اس کتاب یعنی قرآن مجید میں کسی شک کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ اگر کوئی انسان کتاب الہی قرآن سے کوئی علم حاصل کرے گا تو اس میں کسی شک کی گنجائش نہیں ہو گی بلکہ یہ علم سراسر یقین ہی ہوگا۔ علم شک کو دور کر کے یقین کو لاتا ہے۔ یقین انسان کے اندر عزم پیدا کرتا ہے جبکہ شک انسان میں ناامیدی اور تذلل پیدا کرتا ہے۔ شک اللہ کیساتھ تعلق کو کمزور کرتا ہے۔ زندگی کو گردوغبار سے آلودہ کرتا ہے جبکہ علم آپ کو تازگی پیدا کرتا ہے اور ہمت، پختگی، ولولہ اور جذبہ پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سب سے پہلی وحی کا نزول ہوا تو پہلی وحی کا پہلا پیغام ہی کتاب اور علم تھا۔ آج مسلمانوں کو دوبارہ عروج اور تمکنت حاصل کرنے کے لیے علم اور کتاب سے دوستی کرنا ہو گی۔
انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کتاب سے جتنا تعلق مضبوط ہو گا، اللہ تعالیٰ اسی قدر ہی آپ کو کامیاب و کامران کرے گا۔ علم نور اور شک جہالت ہے۔ شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لیے علم کی روشنی عام کرنا ہو گی۔ جتنا یقین کمزور ہوتا چلا جائے گا تو اتنا ہی اللہ پر ایمان کمزور ہو جاتا ہے۔ نوجوان اپنی زندگی میں علم پر توجہ دیں اور زندگی کی کامیابیاں حاصل کریں۔ کتاب اور علم آپ کے ظاہر و باطن کو نور دے گی۔ آخر میں آپ نے منہاج یوتھ لیگ کے 31 ویں یوم تاسیس پر منہاج یوتھ لیگ کے تمام نوجوانوں کو خصوصی مبارکباد بھی دی۔
ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے منہاج یوتھ لیگ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے یوتھ کی ساری ٹیم کو کاوشوں کو سراہا۔
مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ مظہر محمود علوی نےمنہاج یوتھ لیگ کی 31 سالہ خدمات پر تمام سابقین اور موجودہ ذمہ دران کو مبارکباد پیش کی اور آئندہ سال کا ورکنگ پلان بیان کرتے ہوے مارچ میں آل پاکستان نیشنل یوتھ سمٹ (Summit) اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار یوتھ الہدایہ کیمپ لگانے کا اعلان کیا۔
مرکزی سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان نے دعوتی و تنظیمی استحکام پر خصوصی گفتگو کی۔
مرکزی نائب صدر و سوشل میڈیا ہیڈ منہاج یوتھ لیگ عمر قریشی نے سوشل میڈیا کی اہمیت و ضرورت پر خصوصی بریفنگ دی۔
سیمینار میں مرکزی نائب صدر منہاج یوتھ لیگ امجد حسین جٹ، ہیڈ سوشو اکنامک ڈویلپمنٹ کونسل امجد خان اور مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن محمد ذیشان بھی شریک تھے۔
منہاج ویمن لیگ سے راضیہ نوید نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ، عوامی تحریک سے قاضی شفیق صدر شمالی پنجاب اور ایم ایس ایم سے حسنین ارشد نے نمائندگی کی۔
یوتھ سیمینار میں سوشل میڈیا کیمپ بھی لگایا گیا جس میں جاسم مغل اور عمران بلوچ سمیت راولپنڈی و اسلام آباد سے بڑی تعداد میں ایکٹیوسٹس نے شرکت کی۔ منہاج یوتھ لیگ اسلام آباد سے محسن امین مصطفوی اور منہاج یوتھ لیگ راولپنڈی سے فرقان یوسف نے شرکت کی۔
پروگرام میں منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں کو کے نمایاں خدمات پر ایوارڈ بھی دیئے گئے۔یوتھ سیمینار میں کیمپیرنگ کے فرائض مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد انعام مصطفوی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محسن مشتاق مصطفوی اور محسن شہزاد مغل مرکزی سیکرٹری سوشل میڈیا نے ادا کئے۔
تبصرہ