(حافظ فرحان ثنائی)
تحریکِ منہاجُ القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 56 ویں سالگرہ کے موقع پر منائے جانے والے ہفتہ تقریبات کے تیسرے روز (21 فروری 2007ء) نظامت تحقیق و تبلیغات، نظامتِ سیکرٹریٹ، نظامتِ مالیات، نظامتِ امورِ خارجہ اور سیکیورٹی کی طرف سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے ناظمِ اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظمِ اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، سینئر نائب ناظمِ اعلیٰ کرنل (ر) محمد احمد، ڈائریکٹر فریدِ ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر علی اکبر الازھری اور ڈاکٹر کرامت اللہ، ڈائریکٹر لائبریری FMRi پروفیسر محمد اشرف چودھری، ڈپٹی ڈائریکٹر FMRi محمد فاروق رانا، پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام اور ناظم اُمورِ خارجہ حاجی غلام مصطفیٰ ملک، ناظم مالیات حاجی جاوید اقبال قادری اور ڈائریکٹر ایڈمن چودھری محمد ریاض کے ساتھ ساتھ تمام مرکزی قائدین اور اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔
نقابت کی فرائض حافظ فرحان ثنائی نے سر انجام دیے۔ حافظ محمد ضیاء الحق رازی (ریسرچ سکالر FMRi) نے صحیفۂ انقلاب کی تلاوت سے تقریب کا آغاز کیا جب کہ ڈپٹی ڈائریکٹر نظامت امور خارجہ شکیل احمد طاہر نے حضور نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیۂ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ FMRi کے شعبہ ادبیات کے صدر ضیاء اللہ نیر نے شیخ الاسلام کے ساتھ اظہارِ عقیدت میں منظوم کلام پڑھا۔ بعد ازاں ڈاکٹر علی اکبر الازھری نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں خدمت دین کے جس عظیم مرکز پر اکٹھا کیا ہے ہم میں سے ہر ایک کو اس امانت کا خیال رکھتے ہوئے اپنے اندر خلوص، للّٰہیت، رواداری، برداشت اور صبر کے جذبات کو پروان چڑھانا ہوگا۔
ڈاکٹر کرامت اللہ نے اپنی گفتگو میں کہا شیخ الاسلام نے تین سو سے زائد کتب اور ہزارہا خطابات کے ذریعہ جو علمی، فکری، تجدیدی اور احیائے دین کی شمع روشن کی ہے ہمیں اس سے ضرور بالضرور مستفید ہونا چاہئے اور اس روشنی کو تقریر و تحریر کے ذریعہ چار دانگِ عالم پھیلانا چاہئے۔
حاجی جاوید اقبال قادری نے شیخ الاسلام کی زندگی سے نصیحت آموز خود داری اور سخاوتِ نفس کے واقعات بیان کیے۔ چودھری محمد ریاض اور حاجی غلام مصطفیٰ ملک نے شیخ الاسلام کی کمال شفقت اور حضور نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ انتہا درجہ قربت و محبت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ساری نعمتیں اور شانیں خدمت دین اور مشن کے لیے وقف ہوجانے سے ہی ملتی ہیں۔ آخر میں استاذ الاساتذہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے تمام حاضرین کو شیخ الاسلام کی اتباع میں علم و عمل کو ہم آہنگ کرنے پر نہایت زور دیا اور اللہ رب العزت کے حضور تحریک، قائدِ تحریک، اور کارکنانِ تحریک کے لئے دعا فرمائی۔
تبصرہ