مسئلہ کشمیر پر نیشنل یوتھ الائنس کی آل پارٹیز کانفرنس 6 مارچ کو ہو گی

نیشنل یوتھ الائنس کے زیراہتمام مسئلہ کشمیر سمیت نوجوانوں کو درپیش مسائل اور انکے حل کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 6 مارچ جمعۃ المبارک کو منعقد ہوگی۔ پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔

کانفرنس میں ملک کی سیاسی، مذہبی جماعتوں کی یوتھ تنظیمات کے قائدین اور طلبہ تنظیمات کے رہنما شرکت کریں گے۔ آل پارٹیز کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔ کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقادمظلوم کشمیریوں کے لیے حوصلہ مند اقدامات ہیں۔

کانفرنس کے انعقاد کا مقصدنوجوانوں کو عصری چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے قابل بنانا اور لاءحہ عمل طے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جبرو تشدد کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو ختم نہیں کر سکتا۔ دنیا کے موثر ممالک اورانسانی حقوق کی تنظیمات کو کشمیر میں ہونیوالے مظالم رکوانے کےلئے موثر عملی کردار ادا کرنا ہو گا۔ سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں کے دائرے کے اندر رہ کر ہی مسئلہ کشمیر کا حل کیا جا سکتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے اصل فریق کشمیری عوام ہیں اور انہیں اس مسئلے کے حل کے کسی بھی عمل سے کسی صورت باہر نہیں رکھا جا سکتا۔

کانفرنس کے کنونیئر چوہدری علی رضانت نے اجلاس میں بتایا کہ تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں کے یوتھ ونگز کے رہنماءوں کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل اور نوجوانوں کو درپیش مسائل کے خاتمے کےلئے آل پارٹیز کانفرنس اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ اجلاس میں یوتھ لیگ کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماءوں نے شرکت کی۔

تبصرہ