منہاج یوتھ لیگ کے زیر اہتمام قومی یوتھ کانفرنس 29 نومبر کو ہوگی

کانفرنس اسلام آباد جناح کنونشن سنٹر میں ہوگی، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری خطاب کریں گے
پاکستان کی خوشحالی اور استحکام نوجوان کے اطمینان سے وابستہ ہے: مظہر محمود علوی

لاہور (11 نومبر 2020ء) منہاج یوتھ لیگ کے زیر اہتمام 29 نومبر کو جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں قومی یوتھ کانفرنس بلائی گئی ہے، کانفرنس سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور و دیگر قائدین خطاب کریں گے۔

کنونشن کے حوالے سے منعقدہ انتظامی اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا کہ قومی یوتھ کانفرنس نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لئے سنگ میل ثابت ہو گی۔ پاکستان کی خوشحالی اور استحکام نوجوان کے اطمینان سے وابستہ ہے، بدقسمتی سے آج کا پڑھا لکھا نوجوان مایوس ہے اور اس کی تخلیقی صلاحیتیں زنگ آلود ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مسائل کے حل اور ان کی صلاحیتوں سے پوری طرح استفادہ کرنے کے لئے تجاویز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت، روزگار کی فراہمی اور کردار سازی پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی، اسلام اور پاکستان کے بدخواہ ففتھ جنریشن وار کے تحت نوجوانوں کو نظریاتی اعتبار سے کمزور کررہے ہیں۔ منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں کو سائبر دہشت گردی سے بچانے کے لئے بھی لائحہ عمل تجویز کرے گی۔ انہوں نے بتایا قومی یوتھ کانفرنس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے مختلف نوعیت کی 7 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جن کے سربراہان میں مظہر محمود علوی، عمر قریشی، عثمان ارشد، حاجی فرخ خان، محسن شہزاد، محسن مشتاق اور انعام مصطفی علوی شامل ہیں۔

مظہر محمود علوی نے مزید کہا کہ منہاج یوتھ لیگ پاکستان کی واحد نوجوانوں کی تنظیم ہے جو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکری رہنمائی میں اسلام اور نظریہ پاکستان کی بنیادوں پر نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔

تبصرہ