منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام ملک گیر یوتھ کنونشنز شروع

minhaj youth league

منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام ملک گیر یوتھ کنونشنز کا آغاز کر دیا گیا۔ یوتھ کنونشنز کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کی سماجی، فلاحی، اصلاحی تربیت اور ان میں کتاب بینی کے شوق کو اجاگر کرنا ہے۔ راولپنڈی ڈویثرن میں دس سے زائد یوتھ کنونشنز منعقد ہو چکے ہیں۔ لاہور، کراچی، ملتان، پشاور، بھکر، بہاولپور، سکھر، مظفر آباد و دیگر بڑے شہروں میں بھی یوتھ کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔

راولپنڈی میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کے کام آنا ایک اچھے معاشرے کی تشکیل کا نقطہ آغاز ہوتا ہے۔ ہمارے ملک میں اکثریت خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے۔ لوگوں کی اکثریت بنیادی حقوق تک سے محروم ہیں۔ انسان کی ان بنیادی ضروریات میں صحت، تعلیم، لباس اور طعام و قیام ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں زیادہ تعداد ان سہولیات سے بھی محروم ہے۔ منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں جو آج کے اس پر فتن دور میں دکھی انسانیت کی خدمت، فلاحی و سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

اسلام کے عملی تعارف کےلئے خدمت خلق کا میدان سب سے پسندیدہ اور موثر عمل ہے۔ فلاحی و سماجی کاموں میں نوجوانوں کا کردار ہمیشہ اہم ہوتا ہے۔ معاشرے میں مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کا سہرا بھی نوجوانوں کے سر ہے۔ نوجوان ملک و ملت کا مستقبل ہوتے ہیں۔ کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت نوجوانوں میں مضمر ہے۔ منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان پاکستان کی تعمیر و ترقی، انسانیت کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کی کردار سازی و تعلیم و تربیت کے لئے کام کر رہے ہیں۔

منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان معاشرے کے معاشی، فلاحی، اصلاحی اور تحقیقی پہلوءوں سے وابستہ ہو کر انسانیت کی خدمت و ترقی کے امور انجام دے رہے ہیں۔ ملک گیر کنونشنز سے سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، انعام مصطفوی، محسن مشتاق، محسن شہزاد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اجلاس میں منہاج یوتھ لیگ لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں منہاج یوتھ لیگ کے 32 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا اور منہاج یوتھ لیگ کی 32 سالہ جدوجہد کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ مظہر محمود علوی نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ علم اور امن منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان کی شناخت ہے۔ منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان علم اور امن کے سفیر بن کر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ اسلام کا حقیقی تشخص دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ کا 30 سالہ جدوجہد کا یہ سفر علم، امن اور تحقیق پر مبنی ہے۔

minhaj youth league

تبصرہ