شہادت امام حسین (علیہ السلام) کانفرنس ۔ لیاری ٹاؤن کراچی

تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام لیاری ٹاؤن میں ایک عظیم الشان ’’شہادت امام حسین کانفرنس‘‘ مورخہ 10 مارچ 2007ء بمطابق 20 صفر کو منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت محترمہ پروین مصطفوی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نے کی۔ جبکہ مہمانان خصوصی میں نگران ویمن لیگ کراچی مسز امتیاز جاوید اور ناظمہ نسرین اختر، کے علاوہ ویمن لیگ کراچی ڈویژن کی قائدین نے شرکت کی۔ کانفرنس کو کامیاب کرنے میں محترمہ زینب اعوان، محترمہ کوثر کامدار( ناظمہ صدرٹاؤن)، محترمہ مسز فاروق اعوان، محترم سعدیہ، نائب ناظمہ کراچی ڈویژن محترمہ ریحانہ جاوید نے بھرپور کردار ادا کیا۔ پروگرام میں علاقے کی 500 کے قریب خواتین نے شرکت کی۔ تقریب کے آغازپر تلاوت کلام پاک کی سعادت محترمہ فرح نے جبکہ حمد باری تعالیٰ محترمہ انعم شہزادی اور ہدیہ نعت بحضور سرورکونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت محترمہ نرگس حاکم نے حاصل کی۔ تنظیم بابا بھٹ کی محترمہ رابعہ، محترمہ حمیرا نے دف پر خوبصورت نعتیں پیش کی۔ جبکہ حلقہء گوشہء درود کی شرکاء نے محترمہ سمیرا ملک اور انعم شہزادی نے پرسوز آواز میں درودپاک کا ورد کرایا۔

مہمان خصوصی اور نگران ویمن لیگ کراچی ڈویژن مسز امتیاز جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنی اور اپنے پورے خاندان کی قربانی دے کر اپنے نانا کے دین کی لاج رکھی اور اسلام کو زندہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی روح اجڑے ہوئے خیموں سے ہمیں صدا دے رہی ہے، علی ا کبر اور علی اصغر کے خون کا ایک ایک قطرہ دریائے فرات کا شہدائے کربلا کے خون سے رنگین ہونے والا کنارہ ہمیں آواز دے رہا ہے کہ حسین رضی اللہ عنہ سے محبت کرنے والو! حسینیت کے کردار کو اپنے قول و عمل میں زندہ کرو۔

کانفرنس میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ پروین مصطفوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حسین رضی اللہ عنہ ابن علی رضی اللہ عنہ جن کے بارے میں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرما رہے ہیں کہ حسین مجھ سے اور میں حسین سے ہوں اور یہ کہ اللہ اس شخص سے محبت کرتا ہے جو حسین رضی اللہ عنہ سے محبت کرتا ہے اب جس سے اللہ محبت کرتا ہے۔ اس سے عداوت رکھنا اور اس کا خون ناحق بہانا کتنا بڑا جرم ہے؟۔ اہل حق راہ حیات میں اپنی جان کا نذرانہ تو پیش کردیتے ہیں لیکن اصولوں پر کسی سمجھوتے کے روادار نہیں ہوتے۔ کانفرنس کے اختتام پر تاجدار کائنات اور شہدائے کربلا کے حضور گوشہ درود میں ایک ماہ کے دوران تقریباً ایک لاکھ بار پڑھا جانے والا درود پاک پیش کیا گیا۔ اختتام پر کراچی ڈویژن کی قائدین نے لیاری ٹاؤن میں ’’مدرسہ عرفان القرآن برائے خواتین‘‘ کا افتتاح بھی کیا۔

تبصرہ