لاہور (6 مارچ 2023ء) منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر رانا وحید شہزاد نے شاہکوٹ میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیروزگاری نوجوانوں کو جرم کے راستے پر ڈال رہی ہے۔ غربت سے اسلامی معاشرہ کے تشخص کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ آنکھیں بند کر کے آئی ایم ایف کی شرائط پر دستخط کرنے سے پاکستان کی بچی کھچی معیشت اور امن تباہ ہو جائے گا۔ پاکستان کو تباہی کے دہانے تک پہنچانے والے کوئی اور نہیں ہمارے آسودہ حال سیاستدان اور اعلیٰ تعلیم یافتہ بیوروکریٹس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی 50 فیصد دولت 20 فیصد مراعات یافتہ طبقہ کے پاس ہے۔ 80 فیصد عوام غلامی کی زندگی گزاررہے ہیں۔ اسلام فرد کی خوشحالی کو فتنہ اور جماعت کی خوشحالی کو رحمت قرار دیتا ہے۔ اسلامی تعلیمات میں زیادہ کمانے والا درحقیقت زیادہ خرچ کرنے کی ذمہ داری قبول کرتا ہے مگر یہاں اسلامی اقتصادیات کے برعکس ارتکاز دولت ہورہا ہے۔ یہاں اقلیتی افراد خوشحال اور اکثریتی عوام بدحال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اقتصادیات اسلام کے موضوع پر شاندار کتاب لکھی ہے جسے پڑھ کر معاشی ماہرین اپنا قبلہ درست کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ جرائم غربت کی کوکھ سے جنم لیتے ہیں۔ حکمران طبقہ نے اگر عوامی تکالیف اور مشکلات کو مزید نظر انداز کیا تو انہیں سری لنکا کے حکمرانوں کی طرح اپنے محل چھوڑ کر غاروں میں پناہ لینا پڑ سکتی ہے۔
تبصرہ