منہاج یوتھ لیگ کا 37 واں یومِ تاسیس جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی مبارکباد
مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں رانا وحید شہزاد، ڈاکٹر عمران یونس و دیگر کی شرکت

لاہور (یکم دسمبر2025) منہاج یوتھ لیگ کا 37 واںیومِ تاسیس جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی، صوبائی، ضلعی اور مقامی سطح پر خصوصی تقریبات، ریلیاں، سیمینارز اور نوجوانوں کےلئے تربیتی نشستیں منعقد کی گئیں جن میں کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے37 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں کی ایسی تنظیم ہے جس نے ہمیشہ امن، علم، اخلاق اور خدمت انسانیت کا پیغام عام کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں اور منہاج یوتھ لیگ نے37 برسوں میں ملک کے نوجوانوں کی فکری و اخلاقی اصلاح کے مشن کو مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھایا ہے۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدرمنہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنمائوں نے بھی منہاج یوتھ لیگ کے تمام نوجوانوں اور ذمہ داران کو37 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دی ہے۔ دریں اثنا منہاج یوتھ لیگ کے 37 ویں یوم تاسیس پر کیک کاٹنے کی مرکزی تقریب سنٹرل سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر37ویں یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔ منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر رانا وحید شہزاد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی اور تربیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی رہنمائی میں منہاج القرآن کے پلیٹ فارم پر ایک باشعور، ذمہ دار اور محب وطن یوتھ پروان چڑھ رہی ہے۔
جنرل سیکرٹری منہاج یوتھ لیگ ڈاکٹر عمران یونس نے استقبالیہ کلمات میں تقریب میں شریک مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ کیک کاٹنے کی تقریب میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ تقریب میں سیکرٹری یوتھ امپاورمنٹ عبدالحنان طاہر، مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن میاں سعد گوندل، ہیڈ سوشل میڈیا محمد اسد، مرکزی سیکرٹری دعوت ملک نعیم، ملک مجاہد اسلم اور لاہور کے ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ