(ایم ایس پاکستانی)
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے چچا جان الحاج محمد اسماعیل قادری کی نماز جنازہ مورخہ 17 نومبر کو ان کے آبائی شہر جھنگ میں ادا کی گئی۔ قبل ازیں مورخہ 16 نومبر کو علالت کے بعد ان کا انتقال ہوا تھا۔ مرحوم کی نماز جنازہ جھنگ کے نواحی قبرستان لوہلے شاہ میں ادا کی گئی۔ شیخ الاسلام کے فرزند ارجمند صاحبزادہ حسین محی الدین قادری، امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، ناظم مالیات جاوید اقبال قادری، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر علامہ محمد نواز ظفر، ناظم علماء کونسل علامہ فرحت حسین شاہ، ناظم ویلفیئر محمد عاقل ملک، ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی، محمد عباس نقشبندی، ملک شمیم احمد خان، ساجد حمید، افتخار چوہدری، میاں محمد سرور صدیق، فضل حسین اعوان اور تحریک کے دیگر مرکزی قائدین و سٹاف ممبران نے خصوصی طور پر نماز جنازہ میں شرکت کی۔
مرکزی امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے نمازہ جنازہ میں شرکت کی۔ بعدازاں مرحوم کو مقامی قبرستان میں ان کے سوگوراوں اور دیگر لوگوں کی موجودگی میں دفنایا گیا۔ تدفین کے بعد مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے چچا جان کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور ان کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔ شیخ الاسلام نے کہا کہ مرحوم ایک نیک، صالح، مرد باصفا تھے جنہوں نے اپنی زندگی دین کی خدمت کے لیے وقف کی ہوئی تھی۔ دریں اثناء تدفین میں شرکت کرنے کے بعد صاحبزادہ حسین محی الدین کی قیادت میں مرکزی قائدین کے وفد نے مرحوم کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔
تبصرہ