منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں بزم منہاج کے زیراہتمام سیکنڈ ایئر کے طالب علم محمد آصف وٹو کے اعزاز میں خصوصی تقریب مورخہ 31 جنوری 2009ء کو ہوئی۔ کالج آف شریعہ کے سبزہ زار میں ہونے والی اس تقریب کا انعقاد محمد آصف وٹو کو آل پنجاب مباحثہ میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر کیا گیا تھا۔ تقریب کی صدارت کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی مہمان خصوصی تھے۔ میاں محمد عباس نقشبندی، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، ڈاکٹر مجاہد مسعود، ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری، علامہ وسیم احمد الشحمی، ممتاز الحسن باروی، عبدالقدوس درانی، سید افتخار علی شاہ، پروفیسر عتیق حیدر، ظفر اقبال، قاری اللہ بخش اور دیگر اساتذہ کرام بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری سید خالد حمید کاظمی نے حاصل کی۔ نعت رسول صلی اللہ علی اللہ علیہ وآلہ وسلم سید بہادر شاہ نے پڑھی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض محمد وقاص قادری نے انجام دیئے۔
محمد آصف وٹو نے حکومت پنجاب کے زیراہتمام مباحثہ کے مقابلہ میں کالج آف شریعہ کی نمائندگی کرتے ہوئے انٹر لیول پر حصہ لیا۔ جس میں انہوں نے ضلعی سطح پر پہلی اور ڈویژنل سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ صوبائی سطح پر وہ ایک بار پھر اول رہے۔ صوبائی سطح پر ہونے والے مباحثے کا موضوع "کیا ہم ایک اخلاقی معاشرہ ہیں؟" تھا۔
محمد آصف وٹو نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تینون مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہیں جس کا سارا کریڈٹ میرے والدین، معزز اساتذہ کرام اور بالخصوص فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ سکالر اور میرے ٹرینر وسیم احمد شحمی کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کامیابی پر بہت مسرور ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے اور منہاج یونیورسٹی کو عزت دی ہے۔ انہوں نے بزم منہاج کی طرف سے اس تقریب کے انعقاد پر شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صوبائی سطح پر ہونے والے مقابلہ مباحثہ کو طلبہ کے سامنے دوبارہ پیش کیا۔ جس پر طلبہ نے انہیں بھر پور داد دی۔ حکومت پنجاب کی طرف سے محمد آصف وٹو کو صوبائی سطح پر مقابلہ مباحثہ میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر 3 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے محمد آصف وٹو کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کا موقع ہے کہ جب ایک طالب علم نے کالج اور منہاج یونیورسٹی کا نام روشن کیا۔ آج تمام طلبہ کو اپنے اندر ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہو گا کیونکہ آپ میں سے ہی طلبہ کل ملک و قوم کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے محمد آصف وٹو کو مباحثہ میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر کالج آف شریعہ کی طرف سے انعام کے طور پر ڈیڑھ سال کی فیس نہ وصول کرنے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سینئر سکالر علامہ وسیم احمد الشحمی کو کالج آف شریعہ میں اردو ادب اور شاعری کے لیے سٹوڈنٹ کونسلر مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا۔
تقریب میں علامہ وسیم احمد الشحمی اور بزم منہاج کے صدر حافظ غضنفر حسنین قادری نے بھی اظہار خیال کیا۔ آخر میں کالج آف شریعہ، بزم منہاج اور معزز اساتذہ کرام کی طرف سے محمد آصف وٹو اور وسیم احمد الشحمی کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے، تہنیتی گلدستے پیش کیے گئے اور اسم محمد والی خصوصی شیلڈ بطور سونئیر پیش کی گئی۔ تقریب کے آخر میں مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے دعا کروائی۔
رپورٹ: (محمد نواز شریف)
تبصرہ