کالج آف شریعہ میں مقابلہ حسن قرات و نعت سے ہفتہ تقریبات کا آغاز

(رپورٹ : محمد نواز شریف)

سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 58 ویں سالگرہ کے موقع پر کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز منہاج یونیورسٹی لاہور میں آل پاکستان بین الکلیاتی ہفتہ تقریبات کا آغاز مورخہ 9 فروری کو ہوا۔ طلبہ کی نمائندہ تنطیم "بزم منہاج" کے زیراہتمام ہونے والی تقریبات کا آغاز مقابلہ حسن قرات و نعت سے ہوا۔ پروگرام کی صدارت پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ معروف لوک گلوکار محمد عارف لوہار مہمان خصوصی تھے۔

شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام، پروفیسر سید جمیل الرحمان چشتی، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان درانی (امیر تحریک منہاج القران)، شیخ زاہد فیاض (نائب ناظم اعلیٰ)، ڈاکٹر خادم حسین خورشید (اسلامک ریسرچ سنٹر)، ڈاکٹر مسعود مجاہد، جی ایم ملک (ڈائریکٹر امورخارجہ )، سعادت علی (امیر متحدہ امارت تحریک منہاج القرآن)، محمد عباس نقشبندی، رانا اکرم قادری (نگران بزم منہاج)، محمد الیاس اعظمی، شہزاد رسول قادری، محمد بلال مصطفوی اور ساجد گوندل بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

مقابلہ حسن قرات و نعت میں ملک بھر کے کالجز، یونیورسٹیز اور جامعات سے آئے ہوئے 60 سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ کالج آف شریعہ کے قاری سید خالد حمید کاظمی مقابلہ حسن قرات میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ حافظ محمد ریاض (دارالعلوم محمدیہ غوثیہ لاہور) نے دوسری جبکہ قاری فیض اللہ (جامع معین الاسلام سرگودھا) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ حافظہ مہوش تبسم کو خصوصی انعام دیا گیا۔ مقابلہ حسن نعت میں محمد نعمان مدنی (دارالعلوم محمدیہ غوثیہ لاہور) نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ قاری عنصر علی قادری (کالج آف شریعہ) اور شمائلہ عباس (منہاج گرلز کالج) نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی اور عاصمہ امداد (پنجاب یونیورسٹی)، رِخ فاطمہ (کوئین میری کالج) کو خصوصی انعامات دیئے گئے۔

اس موقع پر محمد عارف لوہار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی کہ یہ وہ ادارہ ہے جہاں پر طلبہ کی ہر نہج پر تیاری کرائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری وہ انسان ہیں جنہوں نے آج کے اس مادی دور میں علم نافع، امن عالم، انسانی حقوق اور اسلام کے عالمی و آفاقی پیغام کو دنیا بھر میں عام کیا ہے اور امت مسلمہ کو محبت کی لڑی میں پرودیا ہے۔

پروفیسر سید جمیل الرحمان چشتی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عشق مصطفیٰ کو دلوں میں اجاگر کرنے والی شخصیت کا نام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ہے۔ انہوں نے کہا نعت خوانی کرنے سے ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام بلند نہیں کرتے بلکہ ان کے نام مقدس کو اللہ رب العزت نے خود بلند کیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ثناء خوانی کرنے سے ہمارا نام ان کے ذکر سے بلند ہوتا ہے اور دیگر یونیورسٹیزکی طرح منہاج یونیورسٹی نے ایسے طلبہ پیدا کیے ہیں جو عالم اسلام میں خدمت دین میں مصروف عمل ہیں۔

پروگرام کے اختتام پر پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور دیگر مہمانوں نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات میں شیلڈز اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے۔ اس کے علاوہ مقابلہ میں شریک تمام طلباء و طالبات کو تعریفی سرٹیفیکیٹس بھی دیئے گئے۔ تقریب کے اختتام پر صدر بزم منہاج حافظ غضنفر حسنین قادری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

جھلکیاں

٭ پروگرام کا آغاز ٹھیک 10:00 بجے تلاوت قرآن اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

٭ سٹیج کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا اور بائیں جانب جیوری کے لیے باقاعدہ گیلری بنائی گئی۔

٭ مقابلہ میں شریک طلبہ کے لیے سٹیج کے بائیں جانب اور طالبات کے لیے دائیں جانب الگ الگ نشستیں لگائی گئیں۔

٭ مقابلہ حُسن قرات کے بعد کالج آف شریعہ کے حیدری برادران نے تحریکی ترانہ۔ ۔ 'رکھ طاہر۔ ۔ سانوں اپنے غلاماں وچ رکھ طاہر۔ ۔" پڑھا۔

٭ پروگرام میں دیگر تعلیمی اداروں سے آنے واے معزز شرکاء کے لیے کالج کے مین گیٹ پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا۔

٭ پروگرام کے ہال کو مصنوعی روشنیوں سے سجایا گیا۔

٭ پروگرام میں نقابت کے فرائض محمد وقاص قادری نے سر انجام دئیے۔

٭ ملک پاکستان کے مشہور گلوکار محمد عارف لوہار جونہی پنڈال میں تشریف لائے تو طلبہ نے کھڑے ہو کر استقبال کیا۔

٭ قاری اللہ بخش نقشبندی، قاری طارق محمود اور قاری محمد ندیم نے مقابلہ حسن قرات میں جیوری کے فرائض سرانجام دئیے جبکہ محترم ارشاد احمد چشتی، اختر حسین قریشی اور شکیل احمد طاہر نے مقابلہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں جیوری کے فرائض سرانجام دئیے۔

٭ پروگرام کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں کو ظہرانہ دیا گیا اور انہیں تحائف بھی دیئے گئے۔

تبصرہ