منہاج القرآن یوتھ لیگ کی یوتھ پارلیمنٹ کا اجلاس 7، 8 نومبر کو لاہور میں منعقد ہوا۔ جس کا باقاعدہ آغاز محترم کاشف چشتی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ نعت شریف کی سعادت محمد اویس کموکا نے حاصل کی۔ اجلاس میں 100 سے زائد ممبران یوتھ پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت سپیکر یوتھ پارلیمنٹ محترم بلال مصطفوی نے کی۔ ڈپٹی سپیکر کے فرائض اشتیاق حنیف مغل نے سرانجام دیے۔ اجلاس میں یوتھ کی مرکزی کیبنٹ سے محترم منصور بلال علوی، محترم بابر چودھری، محترم تنویر ملک، محترم ثناء اللہ طاہری، محترم طیب ضیاء، محترم عتیق الرحمان چودھری، محترم میاں کاشف محمود، محترم اقبال یوسف، صوبہ سرحد کے صدر ملک نوید اعوان، آزاد کشمیر کے کوآرڈنیٹر عبد الرب جان نے خصوصی شرکت کی۔
تلاو ت و نعت شریف کے بعد سپیکر یوتھ پارلیمنٹ نے اجلاس کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ایجنڈا کے متعلق ابتدائی بریفنگ دی۔ اجلاس کے اس سیشن میں محترم راجہ زاہد محمود قادری، محترم فیض اللہ جان حسنی رہنما تحریک منہاج القرآن بلوچستان، محترم ساجد ندیم گوندل سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، محترم صدیق جان سیکرٹری انفارمیشن مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
محترم عمران بھٹی سیکرٹری تربیت منہاج القرآن یوتھ لیگ نے Youth Leadership Development Programe کے مقاصد اور اہمیت کے متعلق ممبران یوتھ پارلیمنٹ کو بریفنگ دی۔ اجلاس کے پہلے سیشن کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔ اجلاس کے دوسرے سیشن کا آغاز 8 نومبر کو تلاوت و نعت شریف سے ہوا۔ محترم سپیکر کے ابتدائی کلمات کے بعد سابقہ اجلاس کے فیصلہ جات کا جائزہ لیا گیا اور ملکی و بین الاقوامی حالات کے مطابق آئندہ کے لائحہ عمل کے لئے ہاؤس سے تجاویز لی گئیں۔
ہاؤس کی تجاویز کومدنظر رکھتے ہوئے مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ وطن عزیز پاکستان میں اصلاح معاشرہ، قیام امن، تعمیر وطن، اور نوجوانوں کے حقوق کے لئے پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔ دہشت گردی و انتہاء پسندی کی ہر سطح پر مذمت کرتے ہوئے اسلام کے پیغام امن و محبت کو عام کیا جائے گا۔ اسلام کے پیغام امن کو عام کرنے کے لئے نوجوانوں کی روحانی، اخلاقی، فکری، نفسیاتی، علمی، فنی، معاشی اور سماجی تربیت کا فریضہ بھی انجام دیا جائے گا۔ تاکہ نوجوانوں میں عملی اور فنی صلاحیتوں کے علاوہ شعور مقصدیت پیدا کیا جاسکے۔ ہاؤس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات کو زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک پہنچایا جائے گا اور حلقہ درود کے قیام کو پہلی ترجیح میں رکھا جائے گا۔ تاکہ نوجوانوں میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسب اور تعلق کو پختہ کیا جا سکے۔
ہاؤس نے فیصلہ کیا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نیٹ ورک کو یونین کونسل کی سطع پر مزید منظم کرنے اور سٹریٹ پاور کو بڑھانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ ہر تحصیل میں کم از کم ایک ماڈل یونین کونسل بنائی جائے گی۔ ماڈل یونین کے حوالے سے اجلاس میں کافی بحث ہوئی۔ ممبران یوتھ پارلیمنٹ کی تجاویز اور مشاورت کے بعد اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پلاننگ کو حتمی شکل دی گئی۔ ورکنگ پلان کے مطابق اگلی سہ ماہی کے ٹارگٹ کو بروقت پورا کرنے کی تاکید کی گئی۔ علاوہ ازیں نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے سپورٹس فیسٹیولز کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
بعد ازاں مرکزی امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان درانی اجلاس میں تشریف لائے تمام ممبران یوتھ پارلیمنٹ نے کھڑے ہوکر خوش آمدید کہا۔ محترم امیر تحریک نے Meeting, Importance, Purpose, Procedure پر لیکچر دیا۔
اجلاس کے دوسرے سیشن میں محترم شیخ زاہد فیاض سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن اور محترم شاہد لطیف قادری ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی بطور مہمان خصوصی تشریف لائے تو تمام ممبران یوتھ پارلیمنٹ نے اپنے مرکزی قائدین کا کھڑے ہو کر استقبال کیا۔ محترم شیخ زاہد فیاض نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کی مرکزی کیبنٹ کو اس شاندار منظم اور بھر پور اجلاس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ اس کے بعد محترم سپیکر نے اختتامی کلمات کہے اور یوتھ کا ترانہ پیش کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر قرار داد پیش کی گئی۔ جس میں کہا گیا کہ ہم گورنمنٹ آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، بدامنی، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی بنیادی وجوہات کو تلاش کرکے ان کو ختم کرے تاکہ اہل پاکستان کو امن و سکون کی نعمت میسر آئے۔ حکومت ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے حل کے لئے جامع اور واضع لائحہ عمل بنائے۔ حکومت نوجوانوں کو قومی دھارے میں شریک کرنے کے لئے متحرک قسم کی قومی یوتھ پالیسی بنائے تاکہ نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔ دعائے خیر کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔
رپورٹ: چودھری عتیق الرحمان
تبصرہ