منشیات نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو تباہ کر رہی ہیں: رانا وحید شہزاد

منہاج یوتھ لیگ کی طرف سے ہفتہ انسداد منشیات مہم چلانے کا اعلان
منشیات کی روک تھام کے لئے موجود قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے،مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ
حکومت فوری طور پر منشیات کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر ایمرجنسی کا اعلان کرے

Minhaj Youth League anti drug campaign

لاہور(30جون 2025ء) منہاج یوتھ لیگ کے صدر رانا وحید شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں ہوشربا اضافہ ایک لمحہ فکریہ ہے 80 لاکھ سے زائد نوجوان منشیات کی لت میں مبتلا ہیں، منہاج یوتھ لیگ کے صدر نے آئندہ ہفتہ کو انسداد منشیات مہم کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں جنرل سیکرٹری منہاج یوتھ لیگ ڈاکٹر عمران یونس سمیت منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی، صوبائی، ضلعی راہنما شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات ایک قومی المیہ بن چکا ہے جس پر خاموشی مجرمانہ غفلت ہے۔ منشیات نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی تباہی کا باعث بن رہی ہے، جس کے اثرات مستقبل میں پوری قوم کو بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی رپورٹس اور ملکی تحقیقاتی ادارے مسلسل خبردار کر رہے ہیں کہ پاکستان میں لاکھوں نوجوان منشیات کے عادی بن چکے ہیں۔ تعلیمی ادارے، تفریحی مقامات اور یہاں تک کہ گھروں کے اندر بھی نشہ آور اشیاء کی رسائی آسان ہو چکی ہے جو انتہائی افسوسناک اور خطرناک رجحان ہے۔

رانا وحید شہزاد نے کہا کہ اس تباہ کن رجحان کی بڑی وجوہات میں اخلاقی تربیت کی کمی، بے روزگاری، ذہنی دباؤ، معاشی عدم استحکام، خاندانی ٹوٹ پھوٹ اور نشہ آور اشیاء کی آسان دستیابی شامل ہیں۔ منشیات فروش مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر منشیات کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر ایمرجنسی کا اعلان کرے، تمام متعلقہ ادارے متحرک کیے جائیں، اور معاشرے کے ہر طبقے کو اس جدوجہد کا حصہ بنایا جائے اور اس عمل میں موجود قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے منہاج یوتھ لیگ کے صدر نے والدین، اساتذہ، مذہبی رہنماؤں اور سماجی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے دائرہ کار میں نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کے لیے اقدامات کریں مؤثر قانونی کارروائی، سرحدی نگرانی، تعلیمی آگاہی، بحالی مراکز کا قیام، خاندانی و سماجی کردار، میڈیا مہمات، اور یوتھ تنظیموں کی فعال شمولیت سے منشیات کے المیہ سے نمٹا جاسکتا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ منہاج یوتھ لیگ آئندہ ہفتوں میں ملک گیر سطح پر ”انسداد منشیات مہم“ کا آغاز کرے گی، جس کے تحت تعلیمی اداروں میں سیمینارز، واکس، لیکچرز اور سوشل میڈیا مہم چلائی جائے گی تاکہ نوجوانوں میں بیداری پیدا کی جا سکے۔

تبصرہ