منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج یوتھ لیگ کے زیر اہتمام میلادالنبی ﷺ کی خوشی میں روح پرور ضیافتِ میلاد کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں تلاوتِ کلامِ رحمن کی سعادت قاری نور احمد چشتی نے حاصل کی جبکہ محمد شہباز قادری، حسن عبداللہ قادری اور حافظ کاشف زبیر سمیت دیگر نعت خوانوں نے حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں ہدیۂ عقیدت اور درود و سلام پیش کیا۔
منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عمران یونس نے تقریب کے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ آج ہمارا یہاں جمع ہونے کا مقصد یہ ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشی میں اپنی بے پناہ محبت کا اظہار کریں، آپ ﷺ کی عظیم سیرتِ طیبہ کو بیان کریں اور اپنی زندگیوں میں اس پر عمل پیرا ہونے کا عہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں یہ درس دیا ہے کہ حقیقی ایمان اُس وقت کامل ہوتا ہے جب دل حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت سے لبریز ہو اور زندگی ان کی تعلیمات کا عکس بن جائے۔ ہم انہی سے سیکھ کر محبتِ مصطفی ﷺ اور پیغامِ سیرت کو لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔ ڈاکٹر عمران یونس نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت سے کائنات کی تاریکی ختم ہوئی، علم و عرفان کی شمع روشن ہوئی اور انسانیت کو جہالت، ظلم اور گمراہی سے نجات ملی۔ حضور ﷺ کی آمد سے دنیا کو عدل، امن، اخوت اور اخلاقِ حسنہ کا ایسا خزانہ ملا جو قیامت تک انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔
مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ رانا وحید شہزاد نے ضیافتِ میلاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام عالمِ اسلام کو آقا ﷺ کے 1500ویں یومِ ولادت کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج کی اس پرنور محفل میں حضور نبی کریم ﷺ کی محبت و عقیدت کی جھلک نمایاں طور پر دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محفلِ میلاد منانا سنتِ رسول ﷺ اور سنتِ صحابہ ہے، اور یہی سنت و محبت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امتِ مسلمہ میں اجاگر کر رہے ہیں۔ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو سلام پیش کرتا ہوں جو گھر گھر نبی کریم ﷺ کی محبت اور آپ ﷺ کی سیرت کا پیغام عام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میلاد کی محافل امت کو وحدت، امن اور عشقِ رسول ﷺ کا درس دے رہی ہیں، یہی پیغام ہماری کامیابی اور فلاح کی ضمانت ہے۔
تقریب میں علامہ اشفاق علی چشتی، شیخ فرحان عزیز، عاصم مصطفوی، عائشہ بتول، آمنہ شاہ، وردہ ناز، جویریہ افضل، حناء فاطمہ، طیبہ کوثر اور لاہور بھر سے عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ نے شرکت کی۔
تبصرہ