مورخہ 7 اگست بروز جمعرات بوقت 18:00 بجے شام منہاج ویلفیئر اینڈ ایجوکیشنل سنٹر ویلبی ڈنمارک میں عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس کے مہمانِ خصوصی صاحبزادہ حسن محی الدین قادری (صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل)، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی (ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل)، علامہ حسن میر قادری (امیر تحریک یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل)، حاجی گلزار احمد (سرپرست یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل) اور حاجی حمید اللہ تھے جبکہ کثیر تعداد میں ورکرز موجود تھے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ حافظ سجاد احمد نے تلاوتِ قرآن مجید کی سعادت حاصل کی۔ بعد از تلاوت کلام مجید بارگاہ ِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے گئے جس کی سعادت محمد اشرف اُپل، حسین شاہ، محمد جمیل، راجہ اکبر، وسیم صاحب اور محمد جمیل نے بالترتیب حاصل کی۔ پروگرام کی نظامت کے لئے حافظ ندیم یونس (ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل اوڈنسے ڈنمارک) کو دعوت دی جنہوں نے خوبصورت انداز میں پروگرام کو کنڈکٹ کیا۔ محمد بلال اُپل (ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک) نے پروگرام کے کنڈکٹ کرنے میں انکی معاونت کی۔
معزز مہمانان گرامی صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی تشریف لائے تو حاضرین نے اُنکا بھرپور انداز میں کھڑے ہو کر استقبال کیا۔
ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک محمد بلال اُپل نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی 11 ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس پرصاحبزادہ حسن محی الدین قادری مدظلہ نے جملہ عہدیداران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔
ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی کا بےحد فضل و کرم ہے کہ جس نے اس مادیت زدہ دور میں اُمت مسلمہ کو ایک ایسی نعمت عطا کی جو دنیا کی محبت کو دل سے نکال کر اللہ اور اُس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت عطا کرنے کا وسیلہ بنی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مقاصد بیان کیئے جو درج ذیل ہیں:
- دعوت و تبلیغ حق
- اصلاح احوال امت
- تجدید و احیائے دین
- ترویج و اقامت اسلام
صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ تحریک منہاج القرآن کی دعوت امن ہے اور مشن بھی امن ہے اور منزل بھی امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے کارکنان کا قائد کے ساتھ اور ایک دوسرے سے امن، بھائی چارے اور محبت کا تعلق ہے۔ اللہ تعالٰی اس تعلق کو جو محبت پر، امن پر اور غلامی پر قائم ہے، استقامت دے اور مرتے دم تک قائم رکھے۔
انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے جملہ عہدیداران اور کارکنان کو بہترین کارکردگی بالخصوص الفرغانہ انسٹیٹوٹ ڈنمارک پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اسلام دین امن ہے۔ یہ امن، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور یہی پیغام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے سینکڑوں خطابات اور کتب کی شکل میں دنیا بھر میں اسلام کا پیغام پہنچ رہا ہے۔ جس سے عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی پیاس بجھا رہے ہیں۔
خطاب کے فوراً بعد نماز مغرب باجماعت ادا کی گئی بعد ازاں محمد بلال اُپل (ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک) نے تقسیم اسناد کے لئے صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کو دعوت دی اور 50 رفقاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور مبارک باد پیش کی گئی جس میں خواتین، مرد اور بچے شامل تھے۔ پھرسید محمود شاہ (صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک) نے معزز مہمانوں اور جملہ کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کا ورکرز کنونشن تقاضا کرتا ہے کہ ہم تحریک منہاج القرآن کے پیغام کو عام کریں۔
آخر میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، ناظم اعلٰی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے مل کر منہاج سیلز سنٹر کا افتتاح کیا اور آپ نے فرمایا کہ بلا شک و شبہہ یورپ میں یہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سب سے بڑی اور جدید لائبریری ہے جس پر آپ نےمحمد اشرف اُپل (ناظم لائبریری) کو مبارک باد پیش کی۔
پروگرام کے اختتام پر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری صاحب نے خصوصی دعا فرمائی۔
تبصرہ