منہاج القرآن یوتھ لیگ حلقہ 68 فیصل آباد کے زیراہتمام دوسرے سالانہ عرفان القرآن اور انگلش لینگوئج کورسز کا انعقاد مورخہ 20 جون 2012 کو انفارمیٹکس کالج بٹالہ کالونی فیصل آباد میں کیا گیا۔ کورس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔
اس کورس کی انفرادیت یہ ہے کہ اس میں 188 طلبہ و طالبات داخلہ لے چکے ہیں جن میں سے کم و بیش 95 فیصد پہلے سے تحریک منہاج القرآن سے وابستہ نہیں ہیں۔ کلاس کا ٹائم نماز فجر کے بعد رکھا گیا ہے جس کا دورانیہ دو گھنٹے ہے پہلے گھنٹے میں عرفان القرآن کورس کی کلاس ہوتی ہے جبکہ دوسرے گھنٹے میں انگلش لینگوئج کورس کی۔ ان کورسز کی تدریس کے فرائض شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد رشید سہیل حسین (منہاجین) سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کورسز کا دورانیہ چالیس دن ہے، جو 31 جولائی تک جاری رہیں گے۔
کورسز کی افتتاحی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سہیل حسین نے کہا کہ بنیادی اسلامی تعلیمات حاصل کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے لہذا زیادہ سے زیادہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ اس کورس میں شامل ہوں تاکہ دینی فریضہ کو احسن انداز میں حاصل کیا جاسکے۔ اس موقع پر انہوں نے کورسز کے اجراء میں تعاون کرنے پر انفارمیٹکس کالج کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
پہلے روز آخر پر طلبہ و طالبات سے کورسز کے بارے میں آراء بھی لی گئیں، جسے انہوں نے بے حد پسند کیا اور بنیادی اسلامی تعلیمات سے آگاہی پر منہاج القرآن یوتھ لیگ فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
تبصرہ