موجودہ نظام انتخاب کے تحت ہونے والے الیکشن کو پاکستان عوامی تحریک
مسترد کرتی ہے
یوم پاکستان کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم تکمیل پاکستان کی جدوجہد سے تحفظ پاکستان تک اس لئے آ گئے ہیں کہ نظریہ پاکستان کی روح کمزور ترین ہو گئی ہے۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور نام نہاد جمہوریت کے لبادے میں نااہل سیاستدانوں کی وجہ سے پچھلے 65 سالوں سے نظریہ پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں۔ آج پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو خطرات لاحق ہیں۔ چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ ملک توانائی کے بحران، مہنگائی، دہشت گردی اور بے روزگاری کے مسائل کا شکار ہے۔ قوم میں عدم تحفظ اور مایوسی ہے اسکی وجہ یہ بھی ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے بعد آنے والی غیر حقیقی لیڈر شپ نے نظریہ پاکستان سے ا نحراف کیا۔ طویل المیعاد پالیسیاں نہیں بنائی گئیں۔ افسوس آج پاکستان کا ایٹمی قوت ہونا اسکی سلامتی کیلئے خطرہ بن گیا ہے۔ ایسا آئین و قانون کی پاسداری نہ کرنے اور سیاسی قیادتوں کی نااہلیوں کے باعث ہو رہا ہے۔ وطن عزیز کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کے ویثرن اور ڈاکٹر اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے خواب کو حقیقی بنانے کیلئے کام کر ے۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے قرآن کو پاکستان کا آئین قرار دیا تھا مگر آج پاکستان میں انسانی حقوق کی وہ پامالی ہو رہی ہے جو تاریخ کی آنکھ نے اس سے قبل نہیں دیکھی۔ پاکستان گذشتہ 65 سالوں سے مسائل کی آگ میں جل رہا ہے مگر اب تو معاملہ آگ سے راکھ تک پہنچ گیا ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان کو ٹوٹنے سے بچانا اور اگلی نسلوں کو خوشحال مستقبل دینا میری منزل ہے۔ روایتی سیاست اور میرے ویثرن میں تصادم ہے۔اس لئے پچھلے 65 سالوں سے جاری استحصالی اور کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف پرامن جدوجہد شروع کی ہے جو منزل مقصود کے حصول تک جاری رہے گی۔ سیاستدان اپنی سیاست جبکہ لیڈر اگلی نسلوں کو بچانے کیلئے پلاننگ کرتا ہے۔ موجودہ نظام انتخاب بوسیدہ مکان کی مانند ہے اس لئے اس موجودہ نظام انتخاب کے تحت ہونے والے الیکشن کو پاکستان عوامی تحریک مسترد کرتی ہے۔ تصادم اور انارکی کے بغیر پولنگ ڈے کو پولنگ سٹیشنوں سے دور پرامن دھرنے دیے جائیں گے۔
تبصرہ