لاہور: منہاج القرآن یوتھ لیگ یوسی 99 میں ورکرز ٹریننگ ورکشاپ

لاہور: منہاج القرآن یوتھ لیگ گلبرگ ٹاؤن بی کے زیراہتمام ورکرز ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں نوجوانوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔ ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں علامہ محمد لطیف مدنی مہمان خصوصی تھے۔ اس پروگرام کا آغازتلاوت قرآن پاک اور نعت مبارکہ سے ہوا۔ جس کے بعد منہاج القرآن یوتھ لیگ گلبرگ ٹاؤن بی کے صدر طیب خاں رند نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوقومی نظریہ ہماری قومی پہچان ہے۔ جس کا فروغ ہم سب کی ملی و قومی ذمہ داری ہے۔ تاہم بدقسمتی سے ملک دشمن قوتیں قومی افکار سے ختم کرنے کی سازش میں مصروف ہیں۔ بابائے قوم قائد اعظم رحمۃ اللہ تعالی علیہ کی رہائشگاہ پر حملہ 18 کروڑ عوام کے وجود پر حملہ ہے اور دو قومی نظریہ کی باقیات کو ختم کرنے کا تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مفادات نے اس حد تک غیرت کا جنازہ نکال دیا ہے کہ اب اس ملک کے بانی بھی ان کے شر سے محفوظ نہیں عام آدمی کو کیا تحفظ مل سکتا ہے۔ قائد اعظم کی رہائش گاہ پر صرف ایک سپاہی جبکہ اس ملک کو لوٹنے والوں کی رہائشگاہوں پر ہزار وں کی نفریاں موجود ہیں ۔ آج دو قومی نظریہ کی نظریاتی حفاظت کے لیے نوجوانوں کو تحریک پاکستان والے جذبے کے تحت باہر نکل کر اس ملک کو بچانا ہوگا۔

علامہ محمد لطیف مدنی نے کہا کہ اسلامی اشعار سے نوجوان نسل کو دور کیا جا رہا  ہے تاکہ معاشرے سے اسلامی افکار کو ختم کیا جا سکے۔ ہمیں اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے ہر گلی میں ورکشاپس کا انعقاد کرنا ہوگا اور زیادہ سے زیادہ افراد تک علم و عمل کا پیغام پہنچانا ہوگا۔ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہم سے تقاضہ کرتی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکے نظام کے نفاذ کے لئے جدوجہد کریں یہ حکم الٰہی بھی ہے، سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی اور طرز اصحاب رضی اللہ عنہ بھی۔

پروگرام کے اختتام پر نیاز احمد فاروقی صدر منہاج القرآن یوسی 99 اور دیگر عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان ورکشاپس کے انعقاد کا دائرہ کار پوری یوسی میں پھیلایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو مصطفوی انقلاب کے قافلہ میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

تبصرہ