حکمرانوں کے پاس سننے والے کان، دیکھنے والی آنکھیں اور توجہ دینے والے حکام نایاب ہیں
جلد ہی نا اہل حکمرانوں سے جان چھڑانے کیلئے جلد ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت قائم ہو گی
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا منہاج القرآن یوتھ لیگ کے تحت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب
تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ ہوشرباء مہنگائی نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ حکمرانوں کی بے حسی کی چکی عوام کو پیس رہی ہے۔ غربت اور مہنگائی کے سونامی روز کامعمول بن گئے ہیں، قیمتیں چند دنوں سے زیادہ برقرار نہیں رہتیں، افراط زر کا گراف د ن بدن بڑھ رہا ہے۔ عوام اضطراب اور بے چینی کے مریض بن گئے ہیں۔ لیکن افسوس حکمرانوں کے پاس سننے والے کان، دیکھنے والی آنکھیں اور توجہ دینے والے حکام نایاب ہیں۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے تسلسل نے ملک کی معیشت کو لاغر کر دیا ہے اور غریب عوام کی آنکھیں کربناک حالات کو دیکھ کر پتھرائی ہوئی ہیں۔ قوم مایوسی کی بجائے جماعت انقلاب کا نمازی بننے کا عزم مصمم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے تحت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر برطانیہ کی نیشنل ایگزیکٹو کونسل کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی، شعیب طاہر، حافظ وقار، عتیق چودھری اور دیگر بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ ملک میں نام نہاد جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی کسی سے جنگ نہیں لیکن ملکی مفادات اور وطن کی خود مختاری پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد وطن کی حفاظت اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہے۔ پاکستان پر قابض چند خاندانوں سے عوام کو چھڑانے کیلئے ٹیکس چوروں اور لوٹ مار کرنے والے والے مافیا اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ یہ احتجاجی ریلیاں فیصلہ کن معرکے کی ریہرسل ہونگی اور جلد ہی نا اہل حکمرانوں سے جان چھڑانے کیلئے ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت قائم ہو گی۔ 29دسمبر سے شروع ہونے والی ملک گیر احتجاجی ریلیوں میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے علاوہ ملک بھر سے بچے، بوڑھے، جوان اورخواتین شریک ہونگی۔ موجودہ سیاسی نظام پچھلے 65سالوں سے جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور لٹیروں کو تحفظ فراہم کر رہا ہے جس کی تبدیلی کیلئے عوام احتجاجی ریلیوں میں بھر پور شرکت کریں کیونکہ حقیقی تبدیلی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ عوام کو ریاست بچانے کیلئے نظام انتخاب کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کی جمہوری جدوجہد میں شامل ہونا ہو گا۔
تبصرہ