آئین کے آرٹیکل 38 کا انقلاب لائیں گے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا مہنگائی اور کرپشن کیخلاف احتجاجی ریلی سے خطاب

لاکھوں افراد کا ٹھاٹیں مارتا عوامی سمندر پاکستان عوامی تحریک کی آواز انقلاب پر اعتماد کا مظہر ہے
ڈاکوؤں اورلٹیروں کو اقتدار کے ایوانوں سے جیل میں پھینکنے کا وقت قریب آ رہا ہے
پاکستان عوامی تحریک ملک میں کسی طرح کی آمریت، انتہا پسندی اور ملائیت نہیں چاہتی
مقتدر خاندان کے چھوکرے عوام کے پیسوں پر ہیلی کاپٹر پر سفر کی عیاشی کرتے ہیں
قائد پاکستان عوامی تحریک کا تاریخی ریلی سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی، انتخابی اور اشرافیہ کی آمریت مسلط ہے، جمہوریت کا وجود نہیں البتہ مجبوریت کا نظام مسلط ہے جو عوام سے جینے کا حق بھی چھین رہاہے۔ آئین کے آرٹیکل 38 کا انقلاب لائیں گے جسکے بعد عوام کی حکومت عوام میں سے عوام کیلئے بنے گی۔ 65 سال سے مثبت تبدیلی کا راستہ روکنے والے اب عوامی سیلاب میں بہنے والے ہیں۔ لاہور کے غیور عوام نے کرپشن اور مہنگائی کی آگ میں جلانے والے مقتدر طبقے کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے۔ لاکھوں افراد کا ٹھاٹیں مارتا عوامی سمندر پاکستان عوامی تحریک کی آواز انقلاب پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اب ڈاکوؤں اور لٹیروں کو اقتدار کے ایوانوں سے جیل میں پھینکنے کا وقت قریب آ رہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک بے زمین کسانوں کو زمین، ہر پڑھے لکھے اور ہنر مند کو روزگار، بیروزگاروں کا 10ہزار ماہانہ الاؤنس، بے گھر افراد کو 5مرلہ کا مفت پلاٹ دے گی اور اراکین پارلیمنٹ پر ٹیکس کا بوجھ بڑھا دیا جائے گا۔ وہ مال روڈ پر ریلی میں شریک 3 لاکھ سے زائد مرد وخواتین سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال کے اندر دہشت گردی ختم کریں گے ہم ملک میں کسی طرح کی آمریت، انتہا پسندی اور ملائیت نہیں چاہتے۔ آج سیاسی عیاشیاں عروج پر ہیں۔ مقتدر خاندان کے چھوکرے عوام کے پیسوں پر ہیلی کاپٹرپر سفر کی عیاشی کرتے ہیں۔ چاہیے تو یہ کہ 150 ملین روپے سے فوج کو 30 ہیلی کاپٹر دئیے جائیں تا کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض مزید بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔ حکمرانوں نے فرانس اور روس کے بادشاہوں سے سبق نہیں سیکھا۔ طاہر القادری کا انقلاب پر امن ہو گا ایک قطرہ خون نہیں بہے گا۔ عوام کو اپنا حق لینے کیلئے گھروں سے نکلنا پڑے گا۔

پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی ریلی حکمرانوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے۔ مال روڈ پر انسانوں کے سمندر کا کوئی سرا دکھائی نہ دینا دلیل ہے کہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ پسے ہوئے عوام کو ڈاکٹر طاہر القادری کی شکل میں حقیقی لیڈر مل چکا ہے اب آمریت زدہ حکمرانوں کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سرزمین لاہور کے غیور عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ اس دھرتی کے بیٹے، بیٹیاں انقلاب کی صبح تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ لاہور کی ریلی نوید انقلاب ہے۔ بجلی، گیس، چینی، آٹا چوروں اور ڈالر خوروں کے خلاف یہ پاکستانی قوم کا نمائیندہ اجتماع ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج چشم فلک نے دیکھ لیا ہے کہ انقلاب کی منزل دور نہیں ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے پاکستان آنے سے قبل چور، لٹیرے بوریا بستر باندھ کر بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجتماع میں مزدور، کسان، اساتذہ، وکلاء، طلباء اور لاکھوں کی تعداد میں مائیں بہنیں اور بیٹیاں شریک ہیں۔ وقت آنے والا ہے جب غریبوں پر کئے گئے مظالم کا حساب لیا جائے گا اور مظلوموں کو اقتدار منتقل کر دیا جائے گا۔ غریبوں کا استحصال کرنے والوں کو اب سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ ریلی سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض اور سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ