کھاریاں: سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ برائے رضاکاران

منہاج القرآن یوتھ لیگ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام یکم جون 2014ء بروز اتوار رضاکاران کے لئے سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ کا انعقاد منہاج ماڈل سکول (چک پیرانہ) کھاریاں میں کیا گیا، جس میں منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوانوں اور منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس مومنٹ سسٹرز کی خواتین نے شرکت کی۔

کیمپ کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو محمد ثناء اللہ نے سوشل میڈیا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ انٹرنیٹ اب ایک ضرورت بن چکا ہے اور اس کا استعمال بھی دیگر شعبوں کی طرح مثبت اور منفی ہو رہا ہے۔ ہم اس میڈیم کو بطور تبلیغ دین بھی استعمال کر سکتے ہیں جس کیلئے ہمیں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانا پڑیں گی۔ سوشل میڈیا کا تعارف، روایتی میڈیا کے ساتھ سوشل میڈیا کا موازنہ اور سوشل میڈیا کے دو بنیادی ٹولز (فیس بک اور ٹوٹر) کے بنیادی استعمال کے مختلف طریقے بیان کئے۔ علاوہ ازیں سوشل سرکل کا تصور واضح کرنے کے علاوہ اس کی اہمیت اور سوشل سرکل میں توسیع کے مختلف طریقے بھی بیان کئے۔

ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے رضاکاران کو سوشل میڈیا پر کام کے دوران Twitter کی مدد سے موجودہ کرپٹ انتخابی و سیاسی نظام کے خلاف بیداری شعور کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام لاکھوں کروڑوں لوگوں تک عام کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے Twitter کا تعارف، اس کی اہمیت اور اس کے عملی استعمال پر مبنی تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے ٹوٹر اور فیس بک کا موازنہ کرتے ہوئے ٹوٹر کی اہمیت کو اجاگر کیا اور شرکاء کو تاکید کی کہ وہ میڈیا کو فیڈبیک دینے کے لئے ٹوٹر کا استعمال شروع کریں۔ ٹوٹر ویب سائٹ کے مختلف گوشوں کا تعارف کروانے کے ساتھ ساتھ انہوں نے hashtag اور trend کا تصور بھی مختلف مثالوں کی مدد سے واضح کیا۔ اسی طرح interaction کو بڑھانے اور mention کو استعمال کرنے کا طریق کار بھی سمجھایا۔ آخر میں انہوں نے انٹرنیٹ کی عدم موجودگی میں عام موبائل کی مدد سے Twitter استعمال کرنے کا طریقہ بتایا جس میں رضاکاران نے خوب دلچسپی لی۔

مرکزی سوشل میڈیا ممبر محمد یامین مصطفوی نے فیس بک کے بہتر استعمال کے حوالے سے پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے شرکاء کو سوشل میڈیا کی خرافات اور اس کے منفی پہلوؤں سے باخبر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر سے بھی باخبر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نمازیوں کے ٹارگٹ کی طرف تیزی سے بڑھنے کیلئے سوشل میڈیا پر غیرسنجیدہ رویہ، غیراخلاقی پوسٹس، متنازعہ موضوعات اور وقت ضائع کرنے والی بحثوں سے بچنا مصطفوی کارکنان کیلئے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہمیت کو پہچانتے ہوئے سوشل میڈیا پر جتنا وقت صرف کریں اسے بہترین مقاصد کے لئے استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ اچھا کارکن ہمیشہ اپنے لیڈر کا آئینہ دار ہوتا ہے، لہٰذا سوشل میڈیا پر کام کے دوران ہمارا کردار ویسا ہی ہونا چاہیئے جس کی تعلیم ہمیشہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں دی ہے۔ سوشل میڈیا پر کام کے دوران ہمارے ہر عمل سے یہ ثابت ہونا چاہیئے کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیت یافتہ کارکن ہیں۔ انہوں نے کیمپ کے شرکاء کو سوشل میڈیا پر تحریک کے پیغام کو فروغ دینے کے لئے نہایت مفید ٹپس بھی دیں۔ وطن عزیز پاکستان میں رائج کرپٹ نظام کے خلاف آواز بلند کرنے اور پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے دیا جانے والا ایک کروڑ نمازیوں کے ٹارگٹ کو مکمل کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے بہتر استعمال کے حوالے سے ہدایات بھی دیں۔

کیمپ کے آخری سیشن میں ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا کوآرڈنیشن پلان کے حوالے سے آخری پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کھاریاں کی مقامی تنظیمات کو سوشل میڈیا کوآرڈینیٹرز کی تعیناتی کا پلان دیا اور کوآرڈینیٹرز کو ان کی ذمہ داریوں اور سوشل میڈیا ورکرز کی رجسٹریشن کا طریقہ کار سمجھایا۔ مزید انہوں نے تحریک بیداری شعور میں کھاریاں سے تعلق رکھنے والے نوید احمد اندلسی اور لالہ موسی کے عثمان ظفر کی سوشل میڈیا پہ خدمات کو سراہتے ہوئے مقامی رضاکاران کو اسی جذبے اور لگن کے ساتھ محنت کرنے کی تلقین کی۔

اس کیمپ میں پرنسپل منہاج ماڈل سکول کھاریاں افتخار احمد منہاجین، ناظم تحریک یوسی ملکہ نثار نظام صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ کھاریاں راشد علی سیال، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ یو سی موہڑی شریف راجہ عثمان، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ بھروال صغیر عباس، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ راجہ عرفان اور صدر منہاج القرآن ویمن لیگ روبینہ کوثر سمیت دیگر عہدیداران و کارکنان نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ