وزیرآباد: اسلام نے عورت کو دنیا کی قیمتی ترین متاع قرار دیا ہے

گزشتہ روز وزیرآباد کے علاقہ دھونکل میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم دعوت رانا محمد ادریس نے اسلام میں عورت کے کردار کے موضوع پر درس قرآن دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ اسلام نے خواتین کو نہ صرف مردوں کی طرح حقوق عطا کئے بلکہ اسے معاشرے میں عزت و وقار بھی عطا کیا ہے۔ قرآن و حدیث نے عورت کو معاشرے میں ماں، بہن، بیٹی اور بیوی چاروں حیثیتوں سے اس کے مقام ومرتبے کا ذکر کر کے اسے دنیا کی سب سے قیمتی متاع قرار دیا ہے۔ عورت معاشرے میں پاکیزگی، طہارت، عصمت وعفت کی نشانی ہے۔ جہاں بحیثیت ماں عورت کے قدموں میں جنت رکھی گئی ہے، وہاں اسے یہ بھی تعلیم دی گئی ہے کہ ایسا کردار پیش کرے اولاد کے لئے کہ ان کے لئے جنت کا حصول ممکن ہو سکے۔

اس پروگرام میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے شرکت فرمائی۔ مرکزی قائدین جب پنڈال میں تشریف لائے تو ان کا انتہائی جوش وجذبے کے ساتھ تحریک منہاج القرآن دھونکل کے کارکنان نے استقبال کیا۔ محترم جناب شیخ زاہد فیاض (مرکزی نائب ناظم اعلیٰ)، محترم جناب ساجد محمود بھٹی (صدر یوتھ)، جناب تنویر اعظم سندھو ( چیف آرگنائزر PAT ) اور اس کے علاوہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی قائدین بھی تشریف لائیں۔ نائب ناظم اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے دھونکل تحریک کے کارکنان کی کاوشوں کی بھرپور تعریف کی اور دھونکل تحریک کی حوصلہ افزائی کے لئے دروس عرفان القرآن ایوارڈ کا اعلان کیا۔ دھونکل تحریک نے اپنے مرکزی قائدین کی آمد پر اظہار محبت کے لئے ان کو دھونکل تحریک کی طرف سے پھولوں کے گلدستے اور شیلڈ پیش کیں۔ پروگرام میں میڈیا کی بھرپور کوریج کے لئے تمام قومی اخباروں کے نمائندے تشریف لائے ہوئے تھے۔ مرکزی قائدین نے دھونکل تحریک کے نئے آفس کا دورہ کیا اور کلمات تحسین سے نوازا۔ جن کارکنان نے سات دن تک مسلسل محنت کی تھی ان کی حوصلہ افزائی کے لئے رانا محمد ادریس کے دستِ اقدس سے ان کارکنان کو شیلڈز دی گئیں او ر ویمن لیگ دھونکل کی کارکنان کو بھی علیحدہ پروگرام میں شیلڈ دینے کااعلان کیا گیا۔ اس نشست میں بھی تحریک منہاج القرآن دھونکل کے کارکنان اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی طالبات کی بھرپور دعوت کے ثمر کی شکل میں کثیر لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔ جس میں عورتوں کی تعداد تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے تقریباً 3300 اور مردوں کی تعداد 2000 کے قریب تھی۔ مردوخواتین کے پنڈال کی جانب حضور شیخ الاسلام کی کتب اور سی ڈیز اور کیلنڈرز کے بہترین سٹال کا انتظام کیاگیا تھا۔ آخری نشست کے مہمان خصوصی جناب ساجد محمود کلیر (سابقہ رہنما انجمن طلباء اسلام دھونکل) جن کو حضور شیخ الاسلام کی سی ڈیز اور کتب تحفے میں دی گئیں۔ لوگوں نے انتہائی جوش وجذبے کے ساتھ دھونکل تحریک کو مبارکباد پیش کی اور ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

ان دروس کی کامیابی میں قاضی محمد رضوان، طلعت محمود، ویمن لیگ کی پوری ٹیم نے دن رات جدوجہد کی۔

تبصرہ