پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مرکزی صدر یوتھ ونگ مظہر محمود علوی نے کی۔ اجلاس میں یوتھ ونگ کے مرکزی، صوبائی و ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مظہر علوی نے اعلان کیا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ 20 نومبر سے کراچی تا خیبر ضرب امن، تبدیلی نظام، سائیکل کارواں کا آغاز کرے گی۔ سائیکل کارواں 20 نومبر کو بانی پاکستان کے مزار کراچی سے شروع ہو کر حیدر آباد، سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، رحیم یار خان، بہاولپور، ملتان، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، میرپور، راولپنڈی، اسلام آباد، نوشہرہ سے ہوتا ہوا پشاور پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی قرارداد امن اور عوامی سطح پر بیداری شعور مہم کیلئے نکالا جانے والا سائیکل کارواں چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر ملک کے 50 بڑے شہروں سے ہوتا ہوا 16دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور پہنچے گا۔ جہاں یوتھ ونگ کے نوجوان وطن عزیز کی سلامتی کیلئے جان دینے والے شہداء آرمی پبلک سکول کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ ضرب امن سائیکل کارواں قومی یکجہتی اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام امن قرارداد امن کی شکل میں آرمی پبلک سکول میں پیش کرینگے۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل یوتھ ونگ منصور قاسم، محمد شعیب، حاجی فرخ خان، محمد عمر اعوان و دیگر بھی شریک تھے۔
مظہر علوی نے کہا کہ ضرب امن کارواں میں شامل نوجوان آرمی پبلک سکول کے طلباء سے اظہار یکجہتی کریں گے اور معصوم لوگوں کی جان لینے والے دہشت گردوں کو امن کا پیغام دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ضرب امن سائیکل کارواں 10 پروفیشنل سائیکلسٹ پر مشتمل ہو گا جبکہ امن کارواں میں درجنوں فلوٹ نما گاڑیاں، سینکڑوں موٹر سائیکل سوار بھی شامل ہوں گے۔ کارواں کا شہر شہر پرتپاک استقبال کیا جائیگا۔ یوتھ لیگ کے ڈویژنل ضلعی قائدین ضرب امن کارواں کا استقبال کریں گے اور کارواں میں شامل ہوتے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مزار قائد پر کارواں کے آغاز کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے منہاج القرآن انٹڑنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین خطاب کریں گے جبکہ کارواں کی لاہور آمد کے موقع پر ایک بڑی استقبالیہ تقریب منعقد کی جائیگی جس میں ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈاپور، بشارت جسپال، حافظ غلام فرید، چودہری افضل گجر اور پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے نوجوان شرکت کرینگے۔ مظہر علوی نے کہا کہ ضرب امن کارواں کی قیادت عوامی تحریک کے نوجوان کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے علمی، فکری اور نظریاتی محاذ پر ملک گیر ضرب امن مہم کے پیغام کو عام کرنے کیلئے نکالے جانے والے سائیکل کارواں کا جگہ جگہ سول سوسائٹی، تاجر برادری، صحافی، وکلاء، مزدور، طلباء، سماجی و سیاسی و مذہبی رہنما استقبال کرینگے۔ ضرب امن کارواں سے امن، محبت اور انقلاب کا جہاز اونچی اڑان پکڑے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام امن گھر گھر پہنچانے میں میڈیا کا کردار ایک بار پھر اہم ہو گا۔ یوتھ ونگ کو گراس روٹ پر نوجوانوں کی منظم اور متحرک سیاسی قوت بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو کرپشن ہاتھیوں سے لڑنا ہو گا۔ عوامی تحریک کا پیغام گھر گھر پہنچ چکا ہے۔ بیج بو دیا گیا ہے۔ اب اس کی آبیاری کر کے تن آور پودہ اور پھر درخت بنانا ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا قصاص لیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ایک ہی موقف ہے خون کا بدلہ خون۔ ڈاکٹر طاہرالقادری قصاص تحریک کے دوسرے مرحلے کا آغاز جب بھی کرینگے یوتھ ونگ ایک بار پھر ملک بچانے کی جدوجہد میں سب سے آگے ہو گی۔ دنیا دیکھے گی کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے نوجوانوں کا سمندر کناروں سے باہر نکل آئے گا۔ عوامی تحریک کے شہداء اور کارکنوں نے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے۔ شرق تا غرب کوئی جماعت ایسے کارکن پیدا نہیں کر سکتی۔ یہ سب ڈاکٹر طاہرالقادری کی تربیت اور سنگت کا نتیجہ ہے۔
تبصرہ