تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام منعقدہ ’’یوتھ پارلیمنٹ‘‘ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملکی ترقی، خوشحالی اور دفاع کا ’’را میٹریل‘‘ ہیں، افرادی قوت کا یہ نایاب خزانہ کرپٹ سیاسی نظام کی نظر ہورہا ہے، پاکستان میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کا بجٹ جنوبی ایشیاء میں سب سے کم ہے، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ان کی صلاحیت کے مطابق روزگار فراہم نہ کرنا گورننس کے محاذ پر بدترین حکومتی ناکامی ہے، کرپشن، اقربا پروری اور نااہلی کی وجہ سے باصلاحیت نوجوان دیارِ غیر میں پیشہ وارانہ فرائض انجام دینے پر مجبور ہیں، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری صرف ایک قائد نے انجام دی جسے دنیا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے نام سے جانتی ہے، پاکستان بچانے کیلئے قاتل، کرپٹ اور بدعنوان قوتوں سے نجات کیلئے جدوجہد تیز کی جائیگی تحریک منہاج القرآن کے نوجوانوں نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف بے مثال جدوجہد کی، امن کے یہ سفیر اسلام اور پاکستان کا پرامن پیغام لے کر گلی گلی گئے۔
یوتھ پارلیمنٹ کے اجلاس میں سپیکر کے فرائض مرکزی صدر مظہر محمود علوی اور ڈپٹی سپیکر کے فرائض سیکرٹری جنرل منصور قاسم نے انجام دئیے، اجلاس میں عتیق الرحمن اور امجد چاند نے سوشل میڈیا پر خصوصی لیکچرز دیئے، یوتھ پارلیمنٹ سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، چودھری علی رضا نت، عمر قریشی، انعام مصطفوی، عصمت علی، اسماعیل انعام نے خطاب کیا ’’یوتھ پارلیمنٹ‘‘ میں چاروں صوبوں بشمول کشمیر، گلگت بلتستان سے بھی منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ضلعی و تحصیل صدور و جنرل سیکرٹریز شریک ہوئے، یوتھ پارلیمنٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے قرارداد منظور کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ بااثر قاتلوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے، اس کے علاوہ حکمران جماعت کی طرف سے سپریم کورٹ اور فوج کے خلاف منفی اور غیر قانونی بیان بازی اور اداروں کے میڈیا ٹرائل کی بھی ایک قرارداد کے ذریعے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور یہ مہم بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا، منفی مہم پر پیمرا کی طرف سے آنکھیں بند کرنے کے عمل کی بھی مذمت کی گئی۔
یوتھ پارلیمنٹ کے سپیکر مظہر محمود علوی نے کہا کہ آبادی کے 60 فیصد نوجوانوں کو نظر انداز کرنے کے بھیانک نتائج نکلیں گے، نوجوانوں کو مرکزی سیاسی دھارے میں لانے کیلئے نظام انتخاب میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں کاروباری منافع خور مافیا غلبہ حاصل کر چکا ہے اور پیسے کے زور پر مینڈیٹ کی خرید و فروخت ہوتی ہے۔ سیاسی جماعتیں کارکنوں یا نوجوانوں کی بجائے دولت مند خاندانوں کو پارٹی ٹکٹ بیچتی ہیں، اس منفی روش کو نوجوان اتحاد اور یکجہتی کی طاقت سے روکیں گے۔ انہوں نے بتایا اس مقصد کیلئے تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں کی یوتھ سے مل کر ایک قومی یوتھ الائنس بھی تشکیل دے دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم قائدانقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سیاسی فکر کی روشنی میں ایک ایسے نظام انتخاب کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جس میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کے کمزور طبقات کو اسمبلیوں میں آنے اور قانون سازی اور پالیسی سازی کے فورمز تک رسائی میسر آسکے۔ یوتھ پارلیمنٹ میں یوتھ لیگ کے سابق عہدیداروں اور نائب صدور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اختتام پر مظہر محمود علوی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
تبصرہ