چوک اعظم (ضلع لیہ) میں فقیر ڈاکٹر نور محمد نقشبندی قادری کے مزار اقدس پر حضور شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دورہ صحیح بخاری شریف کے لیکچرز کو علمائے کرام اور عوام الناس نے سماع کیا۔ یہ لیکچرز بذریعہ ملٹی میڈیا آٹھ روز تک مسلسل چلائے گئے۔ اس میں دور و نزدیک سے سخت سردی میں علمائے کرام اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بڑے ذوق و شوق کا اظہار فرمایا۔ اس دورہ شریف میں علمائے کرام نے اپنے خیالات کا اظہار فرماتے ہوئے حضور شیخ الاسلام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نئی تحقیق کے ساتھ ’’منہاج السوی‘‘ میں مختلف ابواب مرتب کرکے امت مسلمہ پر بالعموم اور آئمہ اہل سنت پر بالخصوص احسان عظیم فرمایا ہے اور دورہ بخاری شریف کے ذریعے بہت سارے علمی مغالطوں کو دور فرمایا۔ آخری نشست میں حضور شیخ الاسلام کا ایک گھنٹہ کا شرک کے موضوع پر بے مثال لیکچر تھا۔ اس کے بعد جناب مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن زادہ فیض الرحمن درانی نے احادیث مبارکہ کے حوالے سے سلوک اور تصوف پر بڑا جامع پُر مغز اور مدلل خطاب فرمایا۔ آٹھ دن علم کے موتی چننے والے خوش نصیب علمائے اکرام کو آخر میں دورہ حدیث کی اسناد پیش کی گئیں یہ اسناد دیکھ کر امیر تحریک بہت خوش ہوئے اور فرمایا کہ یہ تحریک کے مزاج کے عین مطابق ہے۔ ان اسناد پر امیر تحریک اور حاجی محمد منشاء نگران دورہ صحیح بخاری شریف نے دستخط کئے۔ اسناد کے ساتھ ساتھ علمائے کرام کو منہاج السوی شریف اور عرفان القرآن کے نسخے بھی تحریک منہاج القرآن کی طرف سے پیش کئے گئے۔ جن علمائے کرام نے باقاعدہ طور پر اس کورس میں حصہ لیا اور اسناد اور تحفے وصول کئے ان کے نام یہ ہیں۔
حافظ علامہ محمد اشرف مظہری، مولانا منظور حسین آسی، حافظ علامہ محمد اسلم معصومی مظہری، علامہ محمد قمر عباس (منہاجین)، مولانا محمد رمضان ساقی، علامہ مولانا ریاض احمد قادری، علامہ حبیب اللہ مظہری، علامہ خالد محمود حسن، علامہ حافظ سعید احمد سیالوی، قاری محمد سلیمان صابر، مولانا نذیر احمد رضا عطاری ۔
پروگرام کے آخر میں تمام علمائے کرام نے منہاج القرآن علماء کونسل میں شمولیت اختیار کی اور علماء کونسل کے فارم پُر کئے۔ علماء کونسل کی تنظیم سازی ہوئی۔ جناب امیر تحریک نے اس پروگرام کے چیف آرگنائزر حاجی محمد منشاء اور میزبان ڈاکٹر نور محمد نقشبندی مجددی قادری کے صاحبزادگان ڈاکٹر زوار حسین چشتی اور ڈاکٹر مختیار حسین قمر کو اور تمام تنظیم کو مبارک باد دی اور اس پروگرام کو باقی تمام ملکی اور غیر ملکی تنظیمات کے لئے مشعل راہ قرار دیا۔
دربار عالیہ کی لائبریری کے لئے ڈاکٹرز برادران کو عرفان القرآن اور قرآنی فلسفہ انقلاب کے نسخے بھی پیش کئے گئے۔ یاد رہے کہ یہ دورہ بخاری شریف برمنگھم (برطانیہ) کے بعد دنیا میں پہلا دورہ صحیح بخاری شریف ہے جو میڈیا پر علمائے کرام نے باقاعدہ سماعت فرمایا۔ مکمل ہونے پر علمائے اکرام کو اسناد پیش کی گئیں اور بہت اچھے نتائج مقامی سطح پر دیکھنے میں آئے۔ اگر باقی تنظیمات بھی مقامی سطح پر مشائخ عظام اور علمائے کرام کو یہ دورہ حدیث، ملٹی میڈیا پر اسی طرح سماع کروائیں تو حدیث شریف کا یہ نور بھی عام ہوسکے گا اور اتحاد امت کے لئے راہ ہموار ہوسکے گی۔ مندرجہ بالا پروگرام میں ڈاکٹر زوار حسین انجم، ڈاکٹر مختیار حسین قمر، حسنین بھائی، جناب نذیر احمد چشتی، جناب محمد انور مغل، جناب چوہدری محمد انور آڑھتی، جناب محمد اشرف گل، جناب خضر حیات، جناب مہر محمد شفیع نے خصوصی تعاون فرمایا۔
تبصرہ